حکمرانوں کے تعصب بھرے رویئے سے لوگوں میں احساس محرومی جنم لے رہا ہے، مصطفیٰ کمال
کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے تعصب بھرے رویئے سے لوگوں میں احساس محرومی جنم لے رہا ہے، جو زبانی دعوں سے ختم نہیں ہوگا بلکہ حکمرانوں کے رویئے میں تبدیلی کی اشد ضرورت ہے، سندھ میں 150 ڈپٹی کمشنرز بھرتی کئے گئے ہیں جن میں ایک بھی اردو بولنے والا نہیں، وہ وزیراعلیٰ سندھ کہاں ہیں جو چند روز قبل بن قاسم ٹاؤن میں ایک پہلے سے مطلوبہ شخص کے قتل پر تو پولیس کے سامنے کھل کر کھڑے ہوگئے، لیکن اس معصوم طالبہ کے بے رحمانہ قتل پر خاموش ہیں، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سندھ حکومت کے تعصب کا نوٹس لیں۔
ان خیالات کا اظہار پی ایس پی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے گزشتہ روز مبینہ پولیس مقابلے میں شہید ہونے والی ڈاؤ میڈیکل کالج کی طالبہ نمرہ کے والدین سے انکے گھر پر تعزیتی ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت پیپلز پارٹی کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے، ہم گمان کرتے ہیں کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو ایسا نہیں چاہتے، کراچی کے لوگوں کو کوئی جانی و مالی تحفظ حاصل نہیں ہے، پیپلز پارٹی نے تو اس ملک کو لوٹا ہی ہے لیکن اپنوں نے بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاک سرزمین پارٹی لوگوں کو جوڑنے آئی ہے، سیاست ہماری روزی روٹی نہیں، سیاست اس لئے کر رہے ہیں کہ لوگوں کے پاس آپشن ہو، ہم لوگوں کو جوڑنے کی باتیں کر رہے ہیں، انہوں نے طالبہ نمرہ کے اہل خانہ سے واقعہ پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے واقعات کی شفاف تحقیقات اور نمرہ کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ کیا۔