لندن ایم کیو ایم نےفاروق ستارکی بنیادی رکنیت منسوخ کردی
اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے ممبران واسع جلیل،سید قاسم رضا،مصطفیٰ عزیز آبادی اور محمد اشفاق نے شرکت کی ،طویل مشاورت کے بعد اجلاس میں متفقہ طور پر ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کی بنیادی رکنیت سے خارج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اپنے مشترکہ بیان میں لندن میں موجود ممبران رابطہ کمیٹی نے ڈاکٹر فاروق ستار کی بنیادی رکنیت سے اخراج کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ندیم نصرت ہی پارٹی کے منتخب کنوینر ہیں اور اب فاروق ستار ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر بھی نہیں رہے، وہ عوام پر تنظیمی فیصلے تھونپنے کا اختیار بھی نہیں رکھتے۔
ایم کیو ایم لندن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فاروق ستار کی بنیادی رکنیت باربار تنظیم کی بنیادی اصولوں سے انحراف کرنے پرختم کی گئی ہے۔
اپنے بیان میں منتخب ممبران اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ شہداء کی قربانیوں کا پاس رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ بھی اپنی رکنیت سے استعفیٰ دے دیں، استعفیٰ نہ دینے والے ارکان کا سوشل بائیکاٹ کیا جائے گا۔
واضح رہے ڈاکٹرفاروق ستارکی رکنیت ختم کرنے کا اعلان ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے خود کو کنوینر مقرر کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔