قوم کو یکجا بنانے پر مودی کا شکریہ، پاکستانی پائلٹ کو گولڈ میڈل اور اعزازی شیلڈ دینگے، مفتی منیب الرحمٰن
کراچی: چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن نے کہا ہے کہ بھارتی طیاروں کو گرانے والے پاکستانی پائلٹس پوری قوم کے محسن ہیں، اُن کی شجاعت سے انڈین ائیرفورس کا مورال ڈاؤن ہوا ہے اور پاکستانی قوم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، ہم ان کو سلام پیش کرتے ہیں، جلد ہی اسکواڈرن لیڈر حسن صدیقی اور ان کے کو پائلٹ کو علمائے اہلسنت کی جانب سے گولڈ میڈل اور اعزازی شیلڈ پیش کی جائے گی، پوری قوم تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور وزیراعظم کی شکرگزار ہیں کہ انہوں نے بھارت کو واضح پیغام دیا، جس میں کوئی ابہام یا پس و پیش نہیں تھا کہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور پھر اُسے سچ کر دکھایا۔
علماء و مشایخ اہلسنت کے ہمراہ دارالعلوم نعیمیہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا تھا کہ وطن عزیز پر جب بھی مشکل وقت آیا اہلسنت علماء اور عوام صف اول میں کھڑے رہے ہیں اور اب بھی اپنی اس روایت کو قائم رکھیں گے۔ گذشتہ کافی عرصے سے حزب اقتدار و اختلاف سمیت ہمارے سیاسی قائدین ایک دوسرے کی توہین و تذلیل میں مشغول تھے، پارلیمنٹ غیر فعال ہو چکی تھی اور کوئی انہیں عقل کی راہ سجھانے والا نہیں تھا، لیکن بھارتی اقدام نے پوری پاکستانی قوم کو یکجان بنا دیا ہے، آج پوری قوم تمام اختلافات بھلاکر ملک کے تحفظ و سلامتی اور استحکام کے لئے یکسو ہے، وزیراعظم عمران خان کی ذمہ داری ہے کہ تسبیح کے ان مربوط دانوں کو دوبارہ بکھرنے نہ دیں۔
مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کہ کسی بھی متوقع جنگ میں کامیابی کے لئے ملک کا داخلی، معاشی و سیاسی استحکام اوّلین ضرورت ہے، جنگ کسی کے لئے بھی ترجیحِ اول نہیں ہونی چاہیئے، اسلام کی تعلیم بھی یہ ہے کہ جنگ کی ابتلا کو دعوت نہ دو، لیکن اگر تقدیرِ الٰہی اور دشمن بدنیتی سے جنگ مسلط کردے تو پھر قدم پیچھے ہٹانا بزدلی اور غیرتِ ایمانی کے منافی ہے، پھر آگے بڑھ کر دشمن کو زیر کرنے کے سوا کوئی دوسرا آپشن باقی نہیں رہتا۔ انہوں نے کہا کہ امن خیرات کے طور پر نہیں ملتا، دیرپا اور باوقار امن کے لئے طاقت کی پوزیشن میں ہونا ضروری ہے، اس وقت یقیناً پاکستانی و بھارتی عوام سمیت پوری دنیا میں کوئی بھی جنگ نہیں چاہتا، یہ مودی کی عیاری اور آنے والے قومی الیکشن جیتنے کے لئے ایک مکروہ سیاسی چال تھی، جس میں قدرت نے اُسے رسوا کرکے ناکامی سے دوچار کردیا، ہم کشمیری عوام کو کئی عشروں پر محیط بے مثال قربانیوں پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، کشمیر کا چپّہ چپّہ بھارتی فوج کی سفاکیت اور بربریت کی داستانیں سنارہا ہے لیکن ظلم کو بالآخر مٹنا ہے کیونکہ دنیا عدل کی بنیاد پر قائم ہے۔