تحریک انصاف کی حکومت انتخابات میں قوم سے کئے گئے وعدے پورے کرے، محمد حسین محنتی
کراچی: جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے بجلی مزید مہنگی کرنے کی حکومتی تجویز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول، گیس کے بعد اب 12 روپے سے 16 روپے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی تجویز عوام کے زخموں پر نمک پاشی اور حکومتی دعووں کی نفی ہوگا۔ انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ لائن لاسز، کرپشن و بجلی چوری سمیت پورا خسارہ پورا کرنے کیلئے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ان کی زندگی مزید تنگ و مشکلات میں اضافہ کرنے کے مترادف ہوگا، کیونکہ بجلی مزید مہنگی ہونے کی وجہ سے مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ہوگا جس کا زیادہ بوجھ غریب ومتوسط طبقے پر پڑے گا، اسی طرح صنعتی پیداواری لاگت بڑھے گی جس سے برآمدات میں اضافے کی کوششیں بھی متاثر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر ملک کو مہنگائی کے طوفان میں دھکیلنے اور عوام کی مشکلات میں اضافہ کی بجائے لائن لاسز، کرپشن و بجلی چوری کے خاتمے کے ساتھ بجلی کی پیداوار بڑھانے پر توجہ دی جائے، بند بجلی گھروں کو چالو کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی کے باوجود عوام حکومتی دعووں کے برعکس 8 سے 12 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب بھگت رہے ہیں، سی پیک منصوبے کا ایک بڑا حصہ بھی ملک میں توانائی بحران کے خاتمہ کے لئے مختص ہے، اسی طرح تھر کول سے بھی قوم کو نوید سنائی گئی تھی مگر اس کے فوائد سے عوام تاحال محروم اور مزید ان پر بوجھ ڈالنے اور عالمی اداروں کی فرمائش پوری کرنے کے لئے بجلی مزید مہنگی کی جارہی ہے، اس لئے حکومت انتخابات میں قوم سے کئے گئے وعدے پورے کرے، ملک کو توانائی بحران و مہنگائی کے خاتمے سمیت عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرے۔