پی ایس ایل کی طرح متحدہ قومی فورم کا فائنل بھی جلد کراچی میں کھیلا جائے گا، فاروق ستار
کراچی: ایم کیو ایم کے سابق رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی طرح متحدہ قومی فورم کا فائنل بھی بہت جلد کراچی میں کھیلا جائے گا۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل اپنی آب و تاب کے ساتھ ملک میں آگیا ہے، پی ایس ایل کی آمد اہلیانِ کراچی اور ملک کے لئے خوش آئند ہے، کراچی والے تمام میچز کراچی میں ہونے پر بہت خوش ہیں، پی ایس ایل کے پاکستان میں انعقاد پر سب کی محنت و قربانیاں شامل ہیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کارکنان و شہدا کی کاوشوں سے پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہو رہا ہے اور بہت جلد متحدہ قومی فورم کا فائنل بھی کراچی میں کھیلا جائے گا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کراچی والوں کا کردار شہر کے حالات بہتر کرنے میں قابل تعریف ہے، ملک کی نازک صورتحال میں عوام پاک فوج کے شانہ بہ شانہ ہے۔
پی ایس ایل میں فیورٹ ٹیم کے حوالے سے سوال پر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ میری فیورٹ ٹیمز کراچی اور کوئٹہ ہیں کیوں کہ پاکستان بنانے والے دھوکہ نہیں دیتے اور سرفراز بھی دھوکہ نہیں دیں گے جب کہ 60 فیصد ریونیو کراچی ملک کو دیتا ہے تو اس شہر کے نامور کھلاڑی بھی ہم نے دیے ہیں۔