بلاول بھٹو زرداری کا سراج درانی سے اظہار یکجہتی کیلئے آج سندھ اسمبلی اجلاس جانے کا فیصلہ
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سے اظہار یکجہتی کے لئے 13 مارچ کو سندھ اسمبلی اجلاس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 40 ویں برسی کی تیاریوں کے لئے بلاول بھٹو نے 16 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی 40 ویں برسی پر سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے برسی پر جلسہ کرنے کے لئے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں پر مشتمل 16 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔ اس بات کا فیصلہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی زیرصدارت بلاول ہاؤس کراچی میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں حالیہ سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور نیب کیسز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فریال تالپور، سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ، نثار احمد کھوڑو، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان، وقار مہدی، عاجز دھامراہ، سعید غنی، اعجاز جکھرانی، مکیش چاولہ اور راشد ربانی سمیت دیگر نے شرکت کی۔
پیپلز پارٹی کے معتمد ترین ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دورہ سندھ اسمبلی کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دی گئی۔ بلاول بھٹو نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سے اظہار یکجہتی کے لئے آج 13 مارچ کو سندھ اسمبلی آنے کا فیصلہ کیا ہے، وہ سندھ اسمبلی میں آغا سراج درانی سے ملاقات کریں گے، بلاول بھٹو زرداری کی آغا سراج درانی سے ملاقات دوپہر ایک بجے ہوگی، اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوگا، بلاول بھٹو زرداری دوپہر تین بجے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔