آغا سراج درانی کی گرفتاری سندھ اسمبلی پر حملہ ہے، بلاول بھٹو زرداری
کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آغا سراج درانی کی گرفتاری سندھ اسمبلی پر حملہ ہے۔ سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مشرف کے بنائے گئے ادارے نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو اسلام آباد سے گرفتار کیا، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں اور اسپیکر سندھ اسمبلی پیپلز پارٹی کا عہدہ نہیں ہے، آغا سراج درانی کی گرفتاری سندھ اسمبلی پر حملہ ہے جب کہ انہیں صرف الزام کی بنیاد پر اٹھایا گیا نیب کے پاس ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آغاسراج کے گھر پرچھاپہ چادر اور چار دیواری کی پامالی ہے یہ ہم برداشت نہیں کرسکتے اور گرفتاری کے فوراً بعد گھر پر چھاپہ مارنے کا مطلب نیب کے پاس کوئی ثبوت نہیں تھا اور ان کے گھر والوں کو یرغمال بناکر بدتمیزی کی گئی جب کہ چیئرمین نیب نے اس واقعے پر کوئی ایکشن نہیں لیا، چیئرمین نیب اپنے افسران کے خلاف ایکشن لیں ورنہ ہم ایکشن لیں گے۔