کالعدم تنظیموں پر ریاست کی پالیسی بدلی ہے، اب ایکشن لیا جائے گا، صحافی ریما عمر
کراچی: تجزیہ کار ریما عمر نے کہا ہے کہ اب بہتر یہی ہوگا کہ جن وزراء کی جانب سے کالعدم تنظیموں کی حمایت کی جاتی رہی ہے ان کو چاہیئے کہ اپنے موقف کی تردید کریں، وزراء کو نکالنا مسئلے کا حل نہیں ہوگا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صحافی ریما عمر نے کہا کہ بلاول کی وزراء کو نکالنے والی تجویز درست نہیں ہے، ہماری ریاستی پالیسی رہی ہے کہ ہم نے نان اسٹیٹ ایکٹرز کا استعمال کیا، سانحہ اے پی ایس کے بعد ریاستی پالیسی بدلی اور اس پر ایکشن بھی ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اب کالعدم جیش محمد جیسی تنظیموں پر بھی ریاست کی پالیسی بدلی ہے اور اس پر ایکشن بھی لیا جائے گا، اب بہتر یہی ہوگا کہ جن وزراء کی جانب سے ان تنظیموں کی حمایت کی جاتی رہی ہے، ان کو چاہیئے کہ اپنے موقف کی تردید کریں، وزراء کو نکالنا مسئلے کا حل نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کی طرف سے بار بار مولانا مسعود اظہر کےخلاف سلامتی کونسل میں قرارداد اس لئے ویٹو کردی جاتی ہے کہ چین چاہتا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو خود اس حوالے سے اپنے معاملات کو حل کرنا چاہیئے۔