جیکب آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری اور ان کے ساتھیوں کو مولانا فضل الرحمان کی اپوزیشن سے تکلیف اور خطرہ ہے، مولانا فضل الرحمان اپنے مشن پر ڈٹے ہوئے ہیں، فواد چوہدری کب تک تحریک انصاف میں ڈٹے رہتے ہیں، اصل بات یہ ہے۔ جیکب آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ فواد چوہدری کا مشرف سے عمران تک کا سفر ابھی تک جاری ہے، کل فواد چوہدری اپنا بیانیہ تبدیل کرکے کسی اور کے ساتھ ہونگے، وہ آشیانے بدلنے کے ماہر ہیں، موسمی پرندوں کی طرح وہ وقت اور حالات کو دیکھ کر اپنے آشیانے بدلتے ہیں۔
حافظ حسین احمد نے کہا کہ کچھ لوگوں کو پارلیمنٹ میں آنے سے روکنے کیلئے انتظام کیا گیا تھا، لیکن وہ ان کو مہنگے پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر شاید ان کو اتنا نقصان نہ ہوتا، جتنا پارلیمنٹ سے باہر رکھ کر ہو رہا ہے۔ حافظ حسین احمد نے شیخ رشید کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں چوکیدار کی حکومت ہے، البتہ پہلے پرانے چور تھے، اب اس وقت نئے چور چوکیدار کے ساتھ ہے۔