سندھ

بلاول کو ایک ٹرین مارچ سندھ حکومت کی بدترین کارکردگی کیخلاف بھی کرنا چاہیئے، محمد حسین محنتی

سکھر: جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی وہ تحریک ہے جو معاشرے سے ظلم و نا انصافیوں کا خاتمہ کرکے عدل کا نظام قائم کرنا چاہتی ہے، امت کی فلاح اور ان کے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کے بابرکت نظام کے نفاذ میں ہے، جماعت اسلامی کی دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے تاکہ لوگ بیدار اور دین سے جڑ جائیں، دنیا و آخرت میں کامیاب و معاشرہ امن و سکون کا گہوارہ بن جائے، کمر توڑ مہنگائی، بے روزگاری، سودی معیشت کرپشن کی لعنت اور بیرونی جارحیت فرسودہ نظام و کرپٹ قیادت کا نتیجہ ہے، عوام کو اپنی و ملک کی تقدیر بدلنے اور نوجوان نسل کا مستقل محفوظ بنانے کے لئے شریعت کا نظام اور دیانتدار قیادت کو آگے لانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہران مرکز سکھر اور روہڑی میں دعوتی و تنظیمی اجتماعات سے خطاب کے دوران کیا، ضلعی امیر مولانا حزب اللہ جکھرو، قیم مولانا سلطان لاشاری، مقامی امیر زبیر حفیظ، صوبائی سکریٹری اطلاعات مجاہد چنا اور علاقائی ذمہ داران بھی موجود تھے۔ امیر صوبہ نے ضلع شکارپور کے تحصیل لکھی اور گڑھی یاسین کے ذمہ داران و ارکان کے اجتماعات میں بھی شرکت اور رابطہ عوام مہم کا جائزہ و ہدایات دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ قدرتی اور معدنی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود پیپلز پارٹی کی گیارہ سال دور حکومت میں عوام کی حالت بد سے بدتر ہوچکی ہے، تعلیم، صحت، روزگار، بلدیاتی اداروں کی تباہی سمیت ہر شعبہ زندگی میں کرپشن، انارکی اور میرٹ کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ بلاول زرداری کو ایک ٹرین مارچ اپنی صوبائی حکومت کی بدترین کارکردگی کیخلاف بھی کرنا چاہیئے، وفاقی حکومتی وزیروں اور ارب پتی مشیروں کی جانب سے آئے روز عوام کو مزید مہنگائی برداشت کرنے کے مشورے عوام دشمنی کا کھلا ثبوت ہیں، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی فرمائش پر روپے کی قدر میں مزید کمی اور گیس، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی نوید عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، موجودہ حکومت سے کسی بھلائی کی توقع نہیں کی جاسکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دین پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے آج عوام مسائل سے دوچار جبکہ معاشرہ انارکی کا شکار ہے، دین انسان کی آخرت کے ساتھ دنیا بھی بناتا ہے، زندگی جدوجہد کا نام ہے جذبہ ہی انسان کو زندہ رکھتا ہے اس کے بغیر انسان مردہ کے مثال ہے، کارکنان اسی جذبہ کے ساتھ اقامت دین کی جدوجہد کو آگے بڑھائیں تاکہ اسلامی انقلاب کی منزل قریب ہوسکے۔ دریں اثناءانہوں نے خانزادہ محلہ نوشہروفیروز میں سابق امیر ضلع ایڈووکیٹ شبیر اخمد خانزادہ کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کی بھابھی کی وفات پر تعزیت اور مرحومہ کے درجات بلندی کی دعا کی، اس موقع پر مرحومہ کے شوہر بیٹے اور قریبی رشتہ دار سمیت جماعت اسلامی کے مقامی ڈمہ داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close