سندھ حکومت کے پولیس سے اختلافات کھل کر سامنے آگئے
کراچی: سندھ حکومت کے پولیس کے ساتھ اختلافات کھل کر سامنے آگئے اور مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب نے پولیس کی کارکردگی پر سوال اٹھادیے۔ سندھ حکومت کے مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب نے اپنے ہی صوبے کی پولیس کی سرگرمیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ دو دن پولیس کانفرنس چل رہی تھی اس دوران سندھ میں پانچ قتل ہوئے، ارشاد رانجھانی کو سر میں گولیاں ماری گئیں جب کہ امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی ہے اور اسٹریٹ کرائم میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ پولیس کا کام پولیسنگ کرنا ہے اور ہمارا کام قانون سازی کرنا ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ کچھ پولیس افسران نے پالیسی بنانا شروع کردی ہے، پولیس پالیسی میکر بن گئی ہے جو نہیں ہونا چاہیے تھا، کیا پولیس یہ چاہتی ہے کہ ہم ان کے کام پر سوال کرنا چھوڑ دیں؟
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ انصاف کسی بھی معاشرے کا اہم جز ہے، ہم قانون کے ذریعے انصاف عام غریب آدمی تک پہنچانا چاہتے ہیں اس قانون سے پولیس کے کام کا احتساب ہوسکے گا کیونکہ سندھ اسمبلی نے ہمیشہ ریکارڈ قانون سازی کی ہے۔