سندھ

بلڈپریشر میں اضافہ، مشرف آئی سی یو منتقل

کراچی: سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو طبیعت خراب ہونے کے باعث پی این ایس شفا کے آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، مشرف کے ذاتی معالجین کو بھی ہسپتال طلب کرلیا گیا ہے۔

آل پاکستان مسلم لیگ ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ ‏مشرف کے بلڈپریشر میں اضافہ ہوا جس کے باعث اسپتال میں ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق مشرف کی طبیعت سے متعلق پریشانی کی کوئی بات نہیں۔

خیال رہے کہ سابق صدر کو اس وقت بے نظیر بھٹو قتل، غداری اور لال مسجد جیسے بڑے مقدمات کا سامنا ہے جبکہ اکبر بگٹی کیس میں انہیں بریت مل چکی ہے۔

پیر کے روز لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز نے سابق صدر سمیت لال مسجد آپریشن کے تمام کرداروں کو معاف کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل بے نظیر بھٹو قتل کیس میں امریکی صحافی مارک سیگل نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سابق وزیراعظم نے ای میل میں انہیں لکھا تھا کہ اگر انہیں مار دیا گیا تو ذمہ دار پرویزمشرف ہوں گے۔

بے نظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007ء میں اس وقت فائرنگ اور ایک بم دھماکے میں ہلاک کردیا گیا تھا جب وہ عام انتخابات کی مہم کے سلسلہ میں راولپنڈی کے لیاقت باغ سے ایک تقریب سے خطاب کرنے کے بعد واپس جارہی تھیں۔

اُس وقت مشرف بطور صدر اقتدار پر براجمان تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close