بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم کو ملکر کام کرنیکا مشورہ دیدیا
گھوٹکی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے پاکستان کے عوام کو مہنگا پاکستان نہیں چاہیے، مہنگائی کے سونامی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی، عوام ریلیف چاہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان یہاں آکر سندھ کے عوام کے حقوق چھیننے کی کوشش نہ کریں، وہ سندھ آئیں اور بار بار آئیں، لیکن یہاں آکر عوام کو دھوکا نہ دیں۔ اندرون سندھ کے ضلع گھوٹکی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خوش ہوں عمران خان سندھ کو اتنا وقت دے رہے ہیں، یہاں آکر جلسے کر رہے ہیں، عمران خان سندھ آئیں اور بار بار آئیں، لیکن یہاں آکر عوام کو دھوکا نہ دیں، یہاں آکر سندھ کے عوام کے حقوق چھیننے کی کوشش نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو جو پیکیج ملے، عوام ان کا حساب مانگ رہے ہیں، ہم کے ایم سی سے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، وفاق نے سندھ کے وسائل پر ڈاکا ڈالا، فنڈز نہیں دیئے جا رہے، پیپلز پارٹی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف لڑتی رہے گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں کہ ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کے وعدے پورے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین دھاندلی کے باوجود تمام تر سازشوں کے باوجود سندھ میں الیکشن نہیں جیت سکے، ماضی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پاس کے ایم سی رہی، تمام اختیارات بھی تھے، مگر انہوں نے کچھ نہیں کیا، سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کے مقابلے میں ان تمام جماعتوں کو مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو تجویز دیتا ہوں کہ ہمارے ساتھ مل کر کام کریں، ماضی کی سیاست چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی کے فلسفے کو پاکستان کے عوام نے مسترد کر دیا، مہنگائی کے سونامی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی، عوام ریلیف چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان آپ بنی گالا کے وزیراعظم نہیں، وہ سندھ کو دوسری نظر سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق نے سندھ پر ڈاکہ ڈالا ہوا ہے اور ہمارے پیسے نہیں دے رہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمیں ایسا وزیر خزانہ چاہیے ہیں، جو یہ نہ کہے، مجھے زراعت سے متعلق معلوم نہیں، لگتا ہے، عمران خان مودی کیلئے مہم چلا رہے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ امن ہوگا، اقلیتوں اور شہریوں کو تحفظ ملے گا، تو پھر ہم مانیں گے، میں شروع سے کرپشن کے خلاف بات کرتا تھا اور رہوں گا، پیپلز پارٹی واحد پارٹی ہے، جس کے پاس انسداد کرپشن کی پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب کی سیاست نیب سے شروع ہو کر نیب پر ختم ہوتی ہے، نیب کا کردار ہی یہی رہا کہ وہ سیاسی انتقام لے، نواز لیگ سے ہمارا ایک اچھا تعلق ہے، کوآرڈینیشن اچھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق نے سندھ پر ڈاکہ ڈالا ہوا ہے اور ہمارے پیسے نہیں دے رہے، ہم گھوٹکی سمیت پورے سندھ میں یونیورسٹیاں بنانا چاہتے ہیں، تاہم وفاق رکاوٹ ہے۔