اٹھارویں ترمیم کوئی مذہبی دستاویز نہیں، انسانوں نے بنایا ہے، فردوس شمیم نقوی
کراچی: سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے اٹھارویں ترمیم کوئی مذہبی دستاویز نہیں، انسانوں نے بنایا ہے، پاکستان کی عوام کو مشکل وقت گزارنا ہوگا، ماضی کی حکومتوں نے بہت زیادہ قرضہ لیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ احساس ہے برآمدات میں ابھی اچھا اضافہ نہیں ہورہا، ہمارے اقدامات سے ان مشکلات کو بھی بہتر کیا جائیگا، ملک پر قرضوں کی ادائیگی کا بوجھ بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام کو مشکل وقت گزارنا ہوگا، ماضی کی حکومتوں نے بہت زیادہ قرضہ لیا ہے ، ہم آمدنی بڑھا رہے ہیں اور قرضہ جات ختم کریں گے۔ اٹھارویں ترمیم کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کوئی مذہبی دستاویز نہیں، اٹھارویں ترمیم کو انسانوں نے بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی پر گفتگو والے بتائیں 2006ء کے بعد پی ایف سی کہاں ہے؟ پی ایف سی میں ہر ڈسٹرکٹ کو پیسے تو دینے ہوتے ہیں، پیپلز پارٹی صرف باتیں کرتی ہے کام نہیں کرتی، سپریم کورٹ کو حکم دینا پڑا کہ بجلی کے بل سندھ حکومت دے۔ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ مہنگائی، آئی ایم ایف کی باتیں کرتے ہیں، ہم نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے، ہم آج بھی ان چیزوں کو مانتے ہیں یہی ہمارا عزم ہے۔ فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ملک کو تباہ نہیں کرسکتے، ثابت بھی کیا کہ پیسے واپس لاسکتے ہیں، پاکستان کی معیشت کو استحکام دینا ہے۔