سندھ

پاکستان پیپلز پارٹی 18ویں ترمیم کو کبھی ختم نہیں کرنے دے گی، راشد حسین ربانی

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور اور سابق سینیٹر راشد حسین ربانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت 18ویں ترمیم کو ختم کرنے کے منصوبے بنارہی ہے، جس کا مقصد صوبائی خودمختاری کو ختم کرکے مرکز کی حاکمیت مسلط کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کی راہ میں رکاوٹ بننے والے کو نیب کے ذریعے ہراساں کیا جارہا ہے اور تمام اختیارات مرکز کے حوالے کرکے صوبائی حکومتوں کو مفلوج کرنے کی سازش ہورہی ہے، اگر یہ سازش فوری طور پر بند نہ کی گئی تو پیپلز پارٹی جو 18ویں ترمیم کی خالق جماعت ہے موجودہ حکومت کیخلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔ راشد حسین ربانی نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے پی ٹی آئی میں بھی وہی لوگ شامل ہیں جو آمرانہ سوچ رکھتے ہیں یا دور آمریت میں پروان چڑھے ہیں۔

راشد ربانی نے کہا کہ صوبے جس قدر خودمختار اور مضبوط ہوں گے فیڈریشن بھی اتنی ہی مضبوط ہوگی کیونکہ جب تک اختیارات عوام اور عوامی نمائندوں کے پاس نہیں ہوں گے اس وقت تک فیڈریشن بے معنی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ صوبائی خودمختاری اور عوام کو زیادہ سے زیادہ اختیارات دینے کی بات کرتی رہی ہے اور اپنے دور حکومت میں اس نے اسی فارمولے پر کاربند رہتے ہوئے عوام کو زیادہ طاقتور بنایا اور وہ محکمے جو وفاقی حکومت کے تصرف میں تھے انہیں صوبوں کے حوالے کیا گیا، جس سے اب عوام کو روزمرہ کے کاموں کے سلسلے میں پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close