رمضان سے قبل مہنگائی نے عام آدمی کو مزید پریشانی میں مبتلا کردیا ہے، مفتی محمد نعیم
کراچی: جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس و شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی لعنت چھٹکارے کیلئے سخت اقدامات اٹھانے ضرورت ہے، رمضان المبارک سے قبل ہی گراں فروشوں نے عوام کی جیبیں کاٹنا شروع کردی ہیں، رمضان سخاوت و عطاء کا مہینہ ہے اس میں حکومت عوام کو ریلیف دے، مسلمان اگر اسلامی اصولوں کے مطابق تجارت کرے تو وہ عبادت ہے۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی محمد نعیم نے کہا کہ رمضان المبارک آنے کو ہے اس کے باوجود اب تک موجودہ حکومت کی جانب سے عوام کیلئے رمضان پیکج کا اعلان نہیں کیا گیا، ایک طرف مہنگائی کی وجہ سے بےروزگاری میں اضافہ ہوا ہے اور غریب کیلئے ایک وقت کا کھانہ بھی مشکل ہوچکا ہے تو دوسری جانب رمضان کی آمد آمد ہے جس میں گراں فروشی اور مصنوعی بحران کے ذریعے چیزیں مہنگی کرکے عوام کے منہ سے بچا کچا نوالہ بھی چھین لیا جائے گا۔
مفتی نعیم نے کہا کہ ماہ مقدس میں عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، اس لئے ضروری ہے کہ حکومت مانیٹرنگ کرکے ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے سدباب کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان سخاوت و عطاء کا مہینہ ہے، اللہ تعالیٰ نے بخشش کا سنہرا موقع عطاء کیا ہے، اس میں حلال کمائی کے بجائے ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے ذریعے اپنی آخرت کو برباد کرنے والوں کو تاجر اپنی صفوں سے نکالیں، اسلام تجارت سے نہیں روکتا، اگر اسلامی اصولوں کے ساتھ کی جائے تو تجارت بھی عبادت ہے۔