ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے ارکان مہاجر قوم کا سودا کر چکے ہیں، فاروق ستار
کراچی: سینئر سیاستدان اور ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے متحدہ پاکستان کے جلسے کو فلاپ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جلسہ نہیں جلسی تھی۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ بند مٹھی میں طاقت تھی کل ایکسپوز کردیا کہ کہاں کھڑے ہیں ان لوگوں نے کروڑوں روپے خرچ کرکے کے ایم سی اور 4 ڈی ایم سیز کے لوگوں کو زبردستی بلایا مگر عوام نے شرکت نا کر کے اس رابطہ کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔
فاروق ستار نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کے ارکان مہاجر قوم کا سودا کر چکے اور میئر شپ کسی اور کو دینے کا فیصلہ کرچکے ہیں،اب یہ اتنے نفیس بن چکے کہ اپنا مینڈیٹ کسی اور کو دینے کا فیصلہ کر لیاآئندہ الیکشن میں ان 4نشستوں کا بھی کیا حال ہوگا۔
فاروق ستار نے کہا کہ میں اذیت میں مبتلا ہوں اور رات بھر سویا نہیں ہوں، بے موسم کی جلسی کس کی ایماپر کسے دکھانے کے لیے کیا؟ارباب اقتدار نے جن لوگوں پر ہاتھ رکھا ہے یہ مصنوعی ہیں، یہ لوگ ملک کی ترقی میں آپ کا ساتھ نہیں دے سکتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اصل ایم کو ایم ہم ہیں یہ لوگ حقیقی ٹو ہے،مصطفی کمال نے اربوں روپے کے منصوبے بنائے ہیں اگر مجھے جلسے میں بلاتے تو میں الٹے پیروں چلا جاتا،متحدہ قومی فورم بنا کے سب کو اکھٹا کریں گے۔