کراچی: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے نئے بلدیاتی نظام کے تعارف کے بعد سندھ کی تقسیم کی ضرورت نہیں رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سے سندھ میں تحریک انصاف کے اتحادی جماعتوں کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور پاکستان تحریک انصاف کے فردوس شمیم نقوی، خرم شیر زمان، حلیم عادل شیخ ، فیصل واؤڈا، اشرف قریشی، ارباب غلام رحیم، نندکمار، نصرت سحر عباسی، صدرالدین شاہ راشدی اور دیگر نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: پوری قوم کرپشن اور غربت سے نجات چاہتی ہے مایوس نہیں کریں گے، وزیراعظم عمران خان
ملاقات میں سندھ کی مجموعی و سیاسی صورتحال، سندھ میں وفاقی حکومت کی جانب سے جاری مختلف تر قیاتی منصوبوں اور اتحادی امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سندھ میں ایک اور صوبہ بنانے کے خلاف ہے، پی ٹی آئی کے نئے بلدیاتی نظام کے تعارف کے بعد سندھ میں کسی تقسیم کی ضرورت نہیں رہے گی۔