سندھ

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماامجداللہ بھی زیر حراست

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما کنور خالد یونس، پروفیسر حسن ظفر عارف اور امجد اللہ کو رینجرز نے کراچی پریس کلب سے حراست میں لے لیا۔

امجد اللہ کو حراست میں لینے کے لیے آنے والے رینجرز اہل کاروں نے چار گھنٹے ان کا انتظار کیا جس کے بعد امجد اللہ نے خود گرفتاری دی۔

کراچی پریس کلب میں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس سے پہلے رینجرز کی بھاری نفری کلب کے اطراف پہنچ گئی، پریس کلب آنے والوں کو شناخت کرانے کے بعد اندر جانے کی اجازت دی گئی۔

متحدہ قومی موومنٹ کی عبوری رابطہ کمیٹی کے رکن حسن ظفر پریس کلب پہنچے تو رینجرز اہل کار انہیں موبائل میں بٹھاکر لے گئے،کنور خالد یونس کوبھی رینجرز اہل کاروں نے حراست میں لے لیا،جس کے بعد پریس کانفرنس ملتوی کردی گئی ۔ 

عبوری رابطہ کمیٹی کے رکن امجد اللہ رینجرز کے آنے سے پہلے ہی پریس کلب پہنچ گئے تھے، انہوں نے جیو نیوز کو بتایا کہ نیوز کانفرنس کے دوران شہر کے کچھ معززین کو متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت کا اعلان کرنا تھا۔

رہنماؤں کی گرفتاری کے بعد امجد اللہ کراچی پریس کلب میں ہی موجود رہے اور باہر رینجرز اہل کار ان کے منتظر تھے، چار گھنٹے بعد رات آٹھ بجے کے قریب امجد اللہ پریس کلب سے باہر آئے تو رینجرز اہل کاروں نے انہیں بھی حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رہنماؤں کو رینجرز کے مٹھا رام ہاسٹل لے جایا گیاہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close