Featuredسندھ

وہ وقت دور نہیں جب لوگ باہر سے روزگار کی تلاش میں پاکستان آئینگے، عمران خان

قوم اگر متحد ہو تو وہ کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرسکتی ہے، وزیراعظم

کراچی: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم متحد ہو کر ہر قسم کے چیلنجوں کا مقابلہ کرسکتی ہے، پاکستان اللہ کی بڑی نعمت ہے، اس میں کسی چیز کی کمی نہیں، وہ وقت دور نہیں جب لوگ باہر سے روزگار کی تلاش میں پاکستان آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر مزید دو ماہ مشکل ہوں گے، شوکت خانم ہسپتال میں 75 فیصد مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے، اب تک 25 سال میں 40 ارب روپے غریبوں کے مفت علاج پر صرف کئے جا چکے ہیں۔

کراچی میں شوکت خانم ہسپتال کے لئے فنڈ ریزنگ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جس وقت ہم نے شوکت خانم ہسپتال کا منصوبہ شروع کیا تو لوگ کہتے تھے کہ یہ ہسپتال نہیں بن سکتا۔

انہوں نے کہا کہ تمام امراض سے زیادہ کینسر کے مرض کے علاج کا خرچ زیادہ ہے، جن لوگوں نے شروع دن سے ہمارے ساتھ تعاون کیا ان کے شکر گزار ہیں۔ اکثر لوگ اس منصوبے کو دیوانے کا خواب سمجھتے تھے، اس مشکل وقت میں سیٹھ عابد ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے، ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ کی تقسیم کی ضرورت نہیں، پی ٹی آئی سندھ میں نیا صوبہ بنانے کیخلاف ہے، عمران خان

انہوں نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال واحد ہسپتال ہے، جسے جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل کی سرٹیفکیشن مل چکی ہے، ایسا اس لئے ممکن ہوا کہ اس ہسپتال میں 75 فی صد مریضوں کا مفت علاج ہو رہا ہے، یہ ایک خیراتی ہسپتال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہسپتالوں میں غریبوں اور امیروں کے لئے علاج کا معیار الگ الگ ہے، یہاں غریب مریضوں کا عالمی معیار کے مطابق علاج ہو رہا ہے، 25 سال میں اس ہسپتال نے غریب مریضوں کے علاج پر 40 ارب روپے خرچ کئے۔

انہوں نے کہا کہ زکواۃ سے ملنے والی رقم صرف غریب مریضوں کے علاج پر خرچ کی جاتی ہے، اس سے کوئی ساز و سامان یا تعمیراتی کام نہیں کیا جاتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انسان اچھے وقت نہیں بلکہ برے وقت سے سیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1997ء میں جب پہلی بار ہم نے انتخابات میں حصہ لیا، اس وقت میری رائے یہ تھی کہ ہماری تیاری نہیں ہے اور ہمیں انتخابات میں حصہ نہیں لینا چاہیئے، تاہم ساتھیوں کی مشاورت پر الیکشن لڑا اور ہم ایک سیٹ بھی نہیں جیت سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے سے زیادہ قوموں پر برے وقت آئے، جرمنی اور جاپان عالمی جنگ میں تباہ ہوگئے لیکن دس سال میں وہ اپنے پاوں پر کھڑے ہوئے، قوم اگر متحد ہو تو وہ کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرسکتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ دو اڑھائی ماہ مشکل وقت ہے، اس کی وجہ دس سال جس طرح ملک کو لوٹا گیا اور مقروض بنایا گیا، اسی وجہ سے آج ہمیں بحران کا سامنا ہے، خرچے کم اور آمدن بڑھانے تک یہ مشکل وقت گزارنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان سب سے بڑی نعمت ہے، اس میں کسی چیز کی کمی نہیں، یہ ملک جلد کھڑا ہوگا اور وہ وقت دور نہیں جب باہر سے لوگ روزگار کی تلاش میں یہاں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2010ء میں جب تباہ کن سیلاب آیا تو اس وقت بیرونی امداد بھی نہیں ملی، لیکن اس کے باوجود پاکستانیوں نے بھرپور امداد کی اور چھ ماہ میں اتنے بڑے سیلاب کے نقصانات سے نکل گئے۔ انہوں نے کہا کہ 1960ء میں دنیا پاکستان کی جس طرح مثال دیتی تھی، اسی طرح ایک بار پھر اس کی مثال دے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close