سندھ

کے پی کے حکومت کے کہنے پر جس نے 28 روزے رکھے، ان پر ایک روزے کی قضاء لازم ہے، مفتی محمد نعیم

کراچی: جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی محمد نعیم نے حکومت سے فواد چوہدری کو برطرف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چاند دیکھ کر عید کرنے کا حکم ہے، پانچ سال کا کلینڈر نہیں چلے گا۔ انہوں نے دینی مدارس کے غیرملکی طلبہ کو تعلیمی ویزا دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے موجودہ حکومت کا بہت بڑا احسان قرار دیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی نعیم نے کہا کہ جامعہ بنوریہ عالمیہ میں پچاس ممالک کے طلبہ یہاں زیرتعلیم ہیں، پرویز مشرف نے دینی مدارس میں طلبہ کے آنے پر پابندی لگادی تھی، نواز شریف اور پیپلز پارٹی دور میں بھی غیرملکی طلبہ کی تعلیم پر پابندی لگائی گئی، غیرملکی طلبہ کے پاکستان میں قیام میں توسیع کے سبب قانونی پیچیدگیاں تھیں جبکہ اوور اسٹے کے سبب زیرتعلیم غیر ملکی طلبہ کو وطن واپس جانے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا حکام کا 28 روزوں کے بعد عید منانے پر ایک روزہ قضاء رکھنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کے حل کے لئے ہم نے آرمی چیف اور وزیراعظم سے غیر ملکی طلبہ کے لئے رابطہ کیا، وزیراعظم اور آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ غیر ملکی طلبہ کو ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کیا، فیصلے کے تحت دینی مدارس کے غیر ملکی طلبہ کو تعلیمی ویزا دیا جائیگا، موجودہ حکومت نے اوور اسٹے کے سبب غیر ملکی طلبہ پر جرمانہ بھی معاف کردیا ہے۔

مفتی نعیم نے چاند کی رویت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اسلام میں 28 روزے نہیں ہوتے، کے پی کے حکومت کے کہنے پر جس نے 28 روزے رکھے ان پر ایک روزے کی قضاء لازم ہے، یہ صورتحال اتحاد و یکجہتی کے لئے نقصان دہ ہے، کل یہ ہوگا کہ سندھ پنجاب بلوچستان والے اپنی عید کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری نے مذہبی معاملات میں مداخلت شروع کردی ہے، سائنس شریعت کے تابع ہے، سائنس کے تابع شریعت نہیں ہے، علماء کا مذاق اڑانا طنز کرنا موجودہ حکومت کے لئے مناسب نہیں ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close