سندھ

پیپلز پارٹی سندھ کا آصف زرداری سمیت اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاری کیخلاف مہم چلانے کا فیصلہ

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کا صوبائی صدر نثار کھوڑو کی صدارت میں کراچی میں ان کی رہائش گاہ پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وقار مہدی، راشد ربانی، عاجز دھامراہ، نعمان شیخ، جاوید ناگوری، شکیل میمن، پارٹی کے تمام ڈویژنل و ضلعی صدور نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی سمیت ملک میں مہنگائی، عوام دشمن وفاقی بجٹ، صوبے کے حقوق، صدر آصف علی زرداری سمیت اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں اور کاروائیوں کے خلاف بھرپور عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی جبکہ عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں 21 جون کو نوابشاہ میں بڑا جلسہ عام منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کا سابق صدر آصف زرداری کی گرفتاری کیخلاف احتجاج اور یوم سیاہ

اجلاس میں سندھ کے ہر ضلعی ہیڈکوارٹر میں مرحلہ وار جلسے منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں شرکاء نے صدر آصف علی زرداری اور اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں کی مذمت کی اور صدر آصف علی زرداری کے فوری طور پر پراڈکشن آرڈر جاری کرنے کا اسپیکر قومی اسمبلی سے مطالبہ کیا۔

اجلاس میں وفاقی بجٹ کو عوام دشمن بجٹ قرار دے کر مسترد کردیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ 21 جون نوابشاہ جلسے میں لاکھوں عوام شرکت کرینگے، جلسے عام سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے، ملک چلانا کریکٹر کے بس کی بات نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی سرکار نے ملک میں مہنگائی کا طوفان لاکر عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے، عوام تبدیلی سرکار سے نجات چاہتی ہے، ملک میں مہنگائی، صوبے کے حقوق، عوام کے مسائل کے حل کے لئے اب عوام کے ساتھ سڑکوں پر ہونگے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری حکومتی ناکامی چھپانے کا حربہ ہے، اسپیکر قومی اسمبلی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آصف علی زرداری کے فوری طور پر پروڈکشن آرڈر جاری کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری خلاف دیگر جھوٹے ریفرنسز بنائے جارہے ہیں، سندھ کی عوام ایسی انتقامی کاروائی کو برداشت نہیں کریں گے، جھوٹے کیسز کے ذریعے 18 ویں ترمیم پر مصلحت کرنے کے لئے پیپلز پارٹی پر دباو ڈالا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کے خلاف آواز دبانے کے لئے اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف کیسز بنائے جا رہے ہیں، پیپلز پارٹی قائدین عدالتوان سے اپنی بےگناہی ثابت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یوٹرن خان قوم کو اس وقت خطاب کرتے ہیں جب قوم سو رہی ہوتی ہے، سندھ نے ملک بنایا اب سندھ ملک بچانے کے لئے دوبارہ کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک پر قرضوں کے متعلق کمیشن بنانے سے قبل ڈالر بڑھنے اور ڈالر ذخیرہ کرکے کمانے والوں کی تحقیقات کے لئے کمیشن بنایا جائے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close