پیپلز پارٹی نے 10 سال میں کتنی بسیں چلائیں؟ حلیم عادل کا ایسا دعویٰ کہ آپ بھی حیران رہ جائیں
کراچی: پاکستان تحریک انصاف سندھ کے سینئر رہنما اور صوبائی پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت کے مشیر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈس انفارمیشن کے وزیر بتائیں دس سالوں میں سندھ میں 7500 ارب ملے، اس میں کراچی کو بھی ٹھیک کرنا تھا لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت نے کچھ نہیں کیا۔
حلیم عادل نے کہا کہ ان دس سالوں میں 957 ارب کھا گئے، کراچی کی عوام کو پانی تک نہیں دیا گیا، سڑکیں تباہ ہیں، کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، پیپلز پارٹی نے دس سالوں میں کراچی میں صرف دس بسیں چلائی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت بجٹ کرپشن کرنے کیلئے بناتی ہے، عوام کو ریلیف نہیں دیا جاتا، حلیم عادل
گورنر ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ مرتضی وہاب اعلان کریں کہ پیپلز پارٹی ناکام ہوچکی ہے اور حکومت سے دستربردار ہوجائیں، ہم سارے کام کریں گے، نئے پاکستان میں نیا سندھ بھی بنے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کپتان کراچی کو بھی ٹھیک کریں گے اور لاڑکانہ کو بھی، سارے چور جانے والے ہیں،ہیلتھ محکمے نے لاڑکانہ میں 22 ارب کھا گئے بدلے میں شہریوں کو ایڈز کا تحفہ دیا اب سب کو حساب دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کپتان سب سے حساب لیں گے،عمران خان عوام کو تمام تر سہولیات سے آراستہ کریں گے۔