شہر قائد میں 2 روز کی بارش،کرنٹ لگنے سے 11 افراد جاں بحق
کراچی میں بارش کے بعد کے الیکٹرک کا سسٹم پھر ٹھپ ہوگیا۔ شہر کے کئی علاقوں میں کرنٹ لگنے اور دیگر واقعات میں 11 افراد جان سے گئے۔
اتوار کو کے الیکٹرک کا نظام بارش کے دوران بند ہوگیا۔ شہر میں کرنٹ لگنے سے 9 افراد جان سے گئے جبکہ دیگر واقعات میں بھی 2 افراد انتقال کرگئے۔ شہر میں 2 روز کی بارش میں کرنٹ لگنے سے مرنے والوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔
اورنگی میٹرو سینما، سیکٹر ای، داتا نگر، کھارادر،منگھوپیر میانوالی کالونی، سولجر بازار محی الدین پلازہ میں کرنٹ لگنے سے اموات ہوئیں جبکہ کیماڑی پھٹہ ویلیج میں چھت گرنے اور لانڈھی گودام چورنگی میں نالے میں گرکر ایک شخص جان سے گیا۔
تیزبارش کے سبب کےالیکٹرک کا سسٹم بھی ٹھپ ہوگیا اور 500 سے زائد فیڈرز بند ہوگئے جس سے شہر کا 35 فیصد حصہ بجلی سے محروم ہوگیا۔
شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے باعث کے الیکٹرک نے کراچی میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ این ٹی ڈٰی سی سےشہر کو 650 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنے والے اسکیم 33 کے گرڈ اسٹیشن کے گرد پانی جمع ہے اور پانی گرڈ اسٹیشن میں داخل ہونے سے آدھے شہر کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوسکتی ہے۔