2مسافر ٹرینوں میں خوفناک تصادم ، 18 افراد جاں بحق
کراچی میں لانڈھی کے علاقے قذافی ٹاؤن کے قریب فرید ایکسپریس اور زکریا ایکسپریس آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے باعث 18 افرادجاں بحق جبکہ 45 افراد زخمی ہوئے، زخمی اور جاں بحق ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں
پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر امدادی کاروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ زخمیوں اور لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، جناح اسپتال انتظامیہ نے خون کے عطیات کی اپیل کی ہے۔
حادثے کی کوئی وجہ سامنے نہیں آسکی جبکہ زخمیوں کو لوگ اپنی مدد آپ کے تحت بھی ہسپتال منتقل کررہے ہیں، رینجرز ، پولیس اور پاک فوج کے جوان امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں ٹرینیں پنجاب سے کراچی آرہی تھیں جبکہ زکریا ایکسپریس نے فرید ایکسپریس کو پیچھے سے ٹکر ماری، حادثے کے نتیجے میں ٹرین کی تین بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں اور ٹرین کا ملبہ پٹری کے اطراف بکھرگیا جبکہ فرید ایکسپریس کا انجن تباہ ہوا
حادثے میں زکریا ایکسپرس کا انجن متاثر ہوا جبکہ فرید ایکسپریس کی 4 سے 5 بوگیاں شدید متاثر ہوئیں، بوگیوں کو ہٹانے کیلئے کرینیں پہنچ گئیں ہیں بوگیوں کو کاٹ کر زخمیوں کو نکالا جارہا ہے۔
ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ 45 زخمیوں کو جناح اسپتال لایا گیا ، جن میں سے پانچ کی حالت تشویشناک ہیں۔
جناح اسپتال کے ایم ایل او کے مطابق جناح اسپتال میں 18 افراد کی لاشیں لائی گئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو نکالا گیا، حکومت کی جانب سے کوئی مشینری نہیں بھیجی گئی۔
ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک کراچی سے اندرون ملک جانے والی ٹرینوں کو آمدورفت روک دی گئی ہے۔
ڈی سی او ریلوے ناصر عزیز کا کہنا ہے کہ پہلی ترجیح ریسکیو آپریشن اور ٹریک کی بحالی ہے، حادثے کی وجوہات کا تعین بعد میں کیا جائے گا، کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے، پہلی اطلاع پر عملہ واقعے کی جگہ پر پہنچ گیا اور دو کوچز کو نقصان ہوا، حادثہ کیسے پیش آیا، تحقیقات کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے لانڈھی ٹرین حادثے میں جانی نقصان پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے جناح اسپتال کی انتظامیہ کو ہداہت کردی ہے۔
ٹرین حادثہ، وزیراعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین کا اظہار افسوس
وزیر اعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین نے ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کراچی ٹرین حادثے کی تحقیقات کا حکم
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کراچی ٹرین حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے ، انکا کہنا ہے کہ حادثے کے زخمیوں کی ہر ممکن طبی امداد دی جائے اور ریسکیو آپریشن جلد از جلد مکمل کی جائے۔