کراچی: برقع پوش دہشتگردوں کا سکول طالبات پر تشدد
کراچی شہر کے 2 علاقوں میں برقع پوش دہشتگردوں نے سکول کی 3 طالبات کو تشدد کا نشانہ بنایا اور تیز دھار آلے کے وار کر کے زخمی کر دیا جبکہ سکول آنے سے منع کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔ واقعات کے بعد شہر میں خوف کی فضا پھیل گئی۔
کراچی کے علاقے نبی بخش کے علاقہ سولجر بازار کے قریب واقع کے باہر موٹر سائیکل سوار 2 برقع پوش دہشتگردوں نے ایک طالبہ سے پرنسپل کا نام پوچھا اور نہ بتانے پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ اس کے ہاتھوں پر تیز دھار آلے کے وار کرکے زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔ سکول انتظامیہ کے رابطے پر رینجرز اور پولیس موقع پر پہنچی گئی۔ ایس ایچ او غلام رسول پلیجو کے مطابق دہشتگردوں نے مذکورہ بچی کو دھمکی دی کہ کل سے سکول نہ آئے ورنہ اس کیلئے اچھا نہیں ہوگا۔ دوسری جانب عید گاہ کے علاقہ مال ماوڑی لین میں واقع ایم ایچ گزر آباد سکول کے باہر بھی 2 دہشتگردوں نے تیسری اور چوتھی جماعت کی طالبات سے ان کی ٹیچر کا نام پوچھا اور پھر تشدد کرتے ہوئے تیز دھار آلے کے وار سے دونوں کو زخمی کر دیا۔ تینوں بچیوں کے نام صیغہ رازمیں رکھے گئے جبکہ انہیں طبی امداد کے بعد والدین کے سپردکر دیا گیا۔ مزید برآں دونوں سکولوں کو سیکیورٹی فراہم کرتے ہوئے سادہ لباس اہلکار بھی تعینات کر دیے گئے۔