سندھ

آئن اسٹائن تھیوری کی تصدیق میں پاکستانی نژاد سائنسدان کا کردار

نرگس ماول والا بھی سائنسدانوں کے اُس گروپ میں شامل ہیں، جنھوں نے خلاء میں کشش ثقل کی لہروں کی موجودگی کا اعلان کیا.

گذشتہ 20 سال سے اس شعبے سے وابستہ ماول والا کی خدمات تحقیق کے میدان میں شاندار ہیں، وہ 2002 سے ایم آئی ٹی سے منسلک ہیں

ماول والا نے ویلزلے کالج سے 1990 میں بی اے کیا اور 1997 میں میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے پی ایچ ڈی کیا.

اس سے قبل انھوں نے کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (کالٹیک) میں پوسٹ ڈاکٹورل ایسوسی ایٹ اور ریسرچ سائنسدان کی حیثیت سے کام کیا.

ماول والا، Laser Interferometer Gravitational-Wave Observatory (لیگو) سے ایم آئی ٹی میں اپنے ابتدائی سالوں کے دوران منسلک ہوئیں، ان کی ابتدائی تحقیق انٹرفیرومیٹرک کشش ثقل کی لہروں کی دریافت کے لیے آلات بنانے سے متعلق تھی.

انھیں 2010 میں میک آرتھر فاؤنڈیشن ایوارڈ سے بھی نوازا گیا.

تاریخ سازدریافت

اگرچہ اسپیس ٹائم میں کشش ثقل کی لہروں کی موجودگی کی یہ تاریخ ساز دریافت ستمبر 2015 میں کی گئی تھی تاہم سائنسدانوں کو اس کی تصدیق کرنے میں کئی ماہ لگ گئے اور بالآخر 11 فروری 2016 کو اس کا اعلان کیا گیا.

کشش ثقل کی یہ لہریں 750 ملین سے 1.86 ارب نوری برسوں کے فاصلے پر واقع ایک اور کہکشاں سے اُس وقت آئیں جب اتنے ہی سال قبل 2 بلیک ہولز ایک دوسرے سے ٹکرا گئے جس سے اسپیس ٹائم ہل کر رہ گیا۔

اس سے پیدا ہونے والی لہریں روشنی کی رفتار سے سفر کرتی ہوئیں ستمبر 2015 میں کرہ ارض کے پاس سے گزریں، جنہیں سائنسدانوں نے دریافت کیا

دریافت اور اعلان کے درمیان کے عرصے میں متعدد بار نتائج ٹیسٹ کیے گئے اور ہر بار ایک ہی نتیجہ ملنے پر سائنسدانوں نے دریافت میں کامیابی کا اعلان کیا.

اس دریافت کا اعلان واشنگٹن میں کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور Laser Interferometer Gravitational-Wave Observatory (لیگو) نے کیا.

یہ وہ خیال ہے جو ایک صدی قبل یعنی 1915 میں معروف سائنسدان البرٹ آئن اسٹائن نے پیش کیا تھا، جس کی تصدیق 100 سال بعد ہوئی.

اپنے نظریہ عمومی اضافیت میں البرٹ آئن اسٹائن نے پیشگوئی کی تھی کہ کائنات میں ہونے والے بڑے واقعات جیسے ستاروں کے ٹکراﺅ کے نتیجے میں کششِ ثقل کی لہریں پیدا ہوتی ہیں اور انتہائی دور تک توانائی کو منتقل کرتی ہیں۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close