کراچی: مقتول ڈی ایس پی فیض شگری کی نماز جنازہ ادا، مقدمہ درج
کراچی : کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گزشتہ روز فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے ڈی ایس پی فیض علی شگری کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقتول کی نمازجنازہ وزیراعلی سندھ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سمیت اعلٰی پولیس افسران نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے ڈی ایس پی ٹریفک فیض علی شگری کے قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف سی ٹی ڈی گارڈن میں درج کر لیا گیا۔ مقدمہ فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونیوالے پولیس اہلکار رشید احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
سی ٹی گارڈن میں درج ہونیوالے مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ گزشتہ شب فائرنگ کے واقعے میں ڈی ایس پی ٹریفک فیض علی شگری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے۔ مقتول ڈی ایس پی کی نمازجنازہ پولیس ہیڈکوارٹرگارڈن میں ادا کی گئی۔
نمازجنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر، آئی جی سندھ، اے آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سمیت اعلٰی پولیس افسران اور مقتول کے عزیزواقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پولیس کے چاق وچوبند دستے نے شہید کے جسدخاکی کو سلامی پیش کی اور پھول بھی چڑھائے۔