پاکستان کی آبی گزرگاہیں امید کی نئی کرن بن کر ابھر رہی ہیں: صدرممنون
کراچی : صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ آبی گزر گاہوں کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے اور پاکستان کی آبی گزرگاہیں امید کی نئی کرن بن کر ابھر رہی ہیں۔ مخالفین مخالفت چھوڑ کر ملکی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کریں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پاکستان میرین اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ میرین اکیڈمی احسن انداز میں ذمے داریاں نبھارہی ہے۔ اکیڈمی کے قیام کا مقصد سمندری حدود کا تحفظ ہے۔ سمندری راستے معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ آبی گزر گاہوں کی اہمیت بڑھتی جارہی ہے،مخالفین ترقی میں رکاوٹ بننے کے بجائے ملکی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کریں۔ دہشت گردی کے خلاف عوام اور افواج کی قربانیوں اور جرات مندی پرفخر ہے۔
صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ عوام ترقی اور خوشحالی کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو ہٹا دیں گے۔ صدر مملکت نے نمایاں کارکردگی کے حامل کیڈٹس کو اعزازات سے بھی نوازا۔