کراچی: چکن گنیا ڈینگی کی جگہ لینے لگی، 1600 افراد متاثر
کراچی : کراچی میں چکن گنیا ڈینگی کی جگہ لینے لگی۔ پراسرار بیماری سے سولہ سو سے زائد افراد متاثر ہو گئے۔ شہریوں کے علاوہ طبی عملہ بھی لپیٹ میں آ گیا۔ طبی ماہرین کے مطابق شہر میں جا بجا لگے گندگی کے ڈھیر اور مچھر اس بیماری کے پھیلنے کی وجہ ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ چکن گنیا ایک وبائی مرض ہے جو مخصوص وائرس سے پھیلتا ہے۔ یہ مرض مچھر کے کاٹنے کے باعث انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ وائرس جسم سے سوڈیم اور پوٹاشیم کو کم کردیتا ہے جس کی وجہ سے مریض کچھ دنوں کے لیے چلنے پھرنے سے معذور ہوجاتا ہے۔
بیماری میں مبتلا ہوکر مریض کوتیز بخار اور جوڑوں میں درد کی شکایات ہوتی ہیں۔ دیگر علامات میں پٹھوں میں درد، سر درد، متلی، تھکاوٹ اور خارش بھی شامل ہیں۔ اس مرض کی کچھ علامات ڈینگی وائرس سے بھی مشابہت رکھتی ہیں جس کے باعث جن علاقوں میں ڈینگی کا مرض عام ہے ان میں یہ مرض غلط طور پر بھی تشخیص ہوسکتا ہے۔
چکن گنیا کے مرض میں اضافے کی وجہ انسانی رہائشی علاقوں میں گندگی کی موجودگی، گندے پانی کے جوہڑ اور مذکورہ وائرس سے متاثرہ مچھروں کی افزائش ہوسکتی ہے۔ چکن گنیا افریقا، ایشیا اور برصغیر کے کچھ علاقوں میں اب تک رپورٹ ہوا ہے۔