سندھ

تحریک انصاف کا سندھ میں ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر نیب کو ٹھیک کرلیا جائے تو سارا کرپٹ ٹولہ پکڑا جائے گا۔ انہوں نے سندھ میں ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان بھی کیا

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 3 روزہ دورے پر کراچی میں موجود ہیں۔ اپنے دورے کے دوسرے روز آج انہوں نے انصاف ہاؤس میں پارٹی قیادت سے میٹنگ کی اور آئندہ ہونے والے انتخابات اور تنظیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

عمران خان نے کارکنان کو رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مقامی قیادت کو انتخابات کی تیاریاں ابھی سے کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں کھڑے ہونے والے امیدواروں کو مختلف علاقوں کے دورے پر بھیجا جائے تاکہ لوگوں سے ان کا تعارف ہوسکے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر نیب کو ٹھیک کرلیا جائے تو سارا کرپٹ ٹولہ پکڑا جائے گا۔ کرپشن کے بڑے مگر مچھوں کو بچایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف صرف اپنی پاناما کی کرپشن نہیں چھپا رہے بلکہ اپنے ساتھ پورے کرپٹ ٹولے کو بچا رہے ہیں۔

عمران خان نے سندھ میں ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف لاڑکانہ اور نواب شاہ سے ضمنی الیکشن لڑے گی۔

اس موقع پر وہ کراچی کی گندگی پر بھی تبصرہ کرنا نہیں بھولے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی جیسا شہر گندگی میں ڈوب رہا ہے، چوری شدہ پیسہ واپس آجائے تو اسے شہروں کی ترقی و صفائی پر خرچ کیا جائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close