نیو ایئر نائٹ؛ کراچی میں دفعہ 144نافذ، ساحل سمندرعوام کے لیے بند
کراچی: انتظامیہ نے نیو ایئر نائٹ کے موقع پر دفعہ 144 نافذ کرکے من چلوں کو ساحل سمندر جانے سے روکنے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے یوم قائد کے موقع پر ہی نوٹی فکیشن جاری کرتے ہوئے نیو ایئر نائٹ کو ساحل پر جانے پر پابندی عائد کردی تھی۔ جس پر عمل درآمد کے لیے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں ساحل سمندر جانے والے راستوں پر کنٹینر پہنچا دیئے گئے ہیں اور شام 6 بجے کے بعد ساحل سمندر پر عوام کا جانا بند کردیا جائے گا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے اعلامیے کے مطابق ایکسپریس وے اور کورنگی سے آنے والی گاڑیوں کو سی ویوکی جانب نہیں آنے دیا جائے گا، وہ براستہ کورنگی روڈ ، شارع فیصل ، ریجنٹ پلازہ ، کلب چوک ، ہوشنگ چوک ، تین تلوار، دو تلوار ، شارع ایران ، کلفٹن ہیلی پیڈ ، مزار عبداﷲ شاہ غازی اور خیابان اتحاد سے ہوتے ہوئے اپنی منزل کی طرف جا سکیں گے۔ ڈیفنس کے رہائشی اپنا قومی شناختی کارڈ دکھا کر مذکورہ روٹ پر جا سکیں گے دیگر غیر متعلقہ گاڑیوں کو واپس کر دیا جائے گا۔ کورنگی روڈ سن سیٹ بلیوارڈ سے جانب پنجاب چورنگی روڈ بھی مکمل بند رہے گا۔
اس کے علاوہ شام 6 بجے کے بعد کسی بھی قسم کی ٹریفک کو براستہ مائی کلاچی اور امریکن قونصلیٹ سے سب میرین چورنگی اور بلاول چورنگی سے کلفٹن ہیلی پیڈ جانے والے راستے بھی بند رہیں گے تاہم بوٹ بیسن سے جناح برج کی طرف ٹریفک کو جانے کی اجازت ہو گی۔ اسی طرح کسی بھی قسم کی ہیوی ٹریفک کو ماڑی پورروڈ سے براستہ جناح برج مائی کلاچی کی جانب آنے کی اجازت نہیں ہوگی اور یہ ٹریفک براستہ جناح برج سے حب ریور روڈ یا شارع پاکستان سے ہو تے ہو ئے اپنی منزل مقصود کی جانب جاسکے گی،
کورنگی انڈسٹریل ایریا سے آنے والی ہیوی ٹریفک نیشنل ہائی وے اور ناردرن بائی پاس سے ہوتے ہوئے اپنی منزل مقصود تک جاسکے گی۔
شارع فیصل ، عبداﷲ ہارون روڈ ، ڈاکٹر ضیا الدین احمد روڈ ، مائی کلاچی روڈ ، کورنگی روڈ اور ایم ٹی خان روڈ پر کسی بھی قسم کی گاڑی پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اس کے ساتھ ساتھ بغیر سائلنسر کی موٹر سائیکلیں یا سائلنسر کے بغیر والی گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی اور قانونی کاروائی کے لئے انہیں علاقہ پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔
نارتھ ناظم آباد ، گلبرگ ، لیاقت آباد ، گلشن اقبال اور نیو کراچی سے ڈیفنس آنے والے براستہ ایم ا ے جناح روڈ ، زیب النسا اسٹریٹ ، سندھ کلب چوک ، تین تلوار، مزار عبداﷲ شاہ غازی اور پھر خیابان اتحاد جب کہ گڈاپ ، بن قاسم ، لانڈھی ، کورنگی ، شاہ فیصل ، جمشید اور صدر سے آنے والے براستہ شارع فیصل ، سندھ کلب چوک ،بلاول چورنگی اور خیابان اتحاد سے ہوتے ہوئے اپنی منزل کی طرف جا سکیں گے۔