سندھ
سردی کی شدت میں اضافے کا امکان، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا
شہرقائد میں علی الصبح کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں سردی کی شدت میں اضافے کی نوید سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں صبح سے ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے علی الصبح کراچی کا درجہ حرارت کم سے کم 16 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ درجہ حرات 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 30 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چند دن میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
شمال مشرقی سمت سے ہواؤں کی رفتار 13 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 51 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔