سانحہ بلدیہ کیس کا مرکزی ملزم رحمان بھولا اعترافی بیان سے مکر گیا
کراچی : سانحہ بلدیہ کیس کا مرکزی ملزم رحمان بھولا اپنے بیان سے مکر گیا۔ رحمان بھولا نے کہا ہے کہ بیان پولیس تشدد کے ذریعے لیا گیا۔ مفرور ملزموں کی عدم گرفتاری پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور حماد صدیقی کے ریڈ وارنٹ جاری کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں کیس کے مرکزی ملزم عبدالرحمان عرف بھولا اور زبیر عرف چریا کو جیل حکام کی جانب سے پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر کی جانب سے ضمنی چالان جمع کرانے کی مہلت طلب کی گئی۔
عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر کیس کاضمنی چالان جمع کرانے کا حکم دیا جبکہ عدالت نے ایک بار پھر وزارت داخلہ کو حکم دیا ہے کہ حماد صدیقی کے ریڈوارنٹ جاری کرے۔
دوسری جانب عبدالرحمان عرف بھولا کے بیان میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما رؤف صدیقی کے کیس میں ملوث ہونے کے انکشافات کئے جانے پر رؤف صدیقی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے رؤف صدیقی کی ضمانت میں 25 جنوری تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ سماعت کے بعد عبدالرحمان عرف بھولا کا غیر رسمی گفتگو میں کہنا تھا کہ اس نے کوئی اعتراف جرم قبول نہیں کیا ہے، مجھ پر بہت پریشر ہے۔