وزیراعظم نے کراچی حیدرآباد موٹروے کے تکمیل شدہ حصے کا افتتاح کردیا
کراچی: وزیراعظم نواز شریف نے کراچی حیدرآباد موٹر وے کے تکمیل شدہ حصے کا افتتاح کردیا۔
وزیراعظم نوازشریف نے کراچی حیدرآباد ایم نائن موٹروے سیکشن ون کا افتتاح کردیا ہے۔ افتتاح کے موقع پروزیراعظم کے ہمراہ گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ، وفاقی و صوبائی وزرا اوردیگراہم سیاسی و سرکاری شخصیات بھی تھیں۔
کراچی کوحیدر آباد سے ملانے والی سپرہائی وے کی جگہ اب موٹر وے بنائی جارہی ہے، 36 ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والا ایم نائن منصوبہ 136 کلومیٹر طویل ہے، اس موٹر وے میں چارانٹرچینج ،دادا بھائی، انڈسٹریل ویلی، نوری آباد اور تھانا بولا خان شامل ہیں جو تھر پارکر، جھمپیر، کینجھر اور مختلف علاقوں کو کراچی سے ملائیں گے۔ منصوبے کا آغاز ستمبر2015 میں ہوا اوراس کا 50 فیصد سے زیادہ مکمل ہوگیا ہے جب کہ دیگرکام رواں برس کے آخرتک مکمل کرلیا جائے گا۔
ترجمان این ایچ اے کے مطابق کراچی حیدرآباد ایم نائن موٹر وے کے تیارشدہ 80 کلو میٹر حصے پر فی کلو میٹر ٹول ادا کرنا ہوگا اورموٹر وے پر ویگن کا نیا ریٹ 2 روپے 58 پیسے فی کلو میٹر ہوگا۔