رینجرزکی مختلف علاقوں میں کارروائیاں،9 ملزمان گرفتار
کراچی میں قانون کے رکھوالے متحرک ہوگئے، رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں لانڈھی، بلدیہ اوراورنگی ٹاؤن میں کارروائیاں کرکے نو ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کے دو کارندوں سمیت دو ملزمان فرقہ وارنہ ٹارگٹ کلر گینگ وار کا کارندہ اور منشیات فروش بھی شامل ہیں۔
گلشن پولیس نے پرانی سبزی منڈی کے قریب کارروائی کرکے لیاری گینگ وار اور احمد علی مگسی گروہ کا کارندہ گرفتار کرلیا، ملزم عادل عرف بلٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے سمیت اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی دیگر وارداتوں میں ملوث ہے۔
رینجرزحکام نے زیر حراست افراد کیخلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
دوسری جانب رضویہ پولیس نے کارروائی کرکے پانچ اسٹریٹ کرمنل گرفتار کرلئے۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ موبائل فونز اور چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں عبداللہ کالج کے قریب تھانہ نور جہاں پولیس نے مبینہ پولیس مقابلہ کے بعد اقبال عرف ڈی جےنامی ملزم گرفتار کرلیا جبکہ ملزم کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ایس پی بشیر بروہی کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتارملزم نے یکم فروری کو میڈیکل اسٹور کے مالک کو قتل کیا تھا۔
گرفتارملزم اغوا، بھتہ خوری، دھماکوں اورڈکیتی کی کئی وارداتوں میں ملوث ہے، ملزم نے گلشن اقبال میں بچے کواغواء کیا اورتاوان لیکر چھوڑا تھا۔