کراچی کا ادبی میلہ پوری آب و تاب کے ساتھ جاری
کراچی میں 3 روزہ لٹریچر فیسٹول پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے۔ ادبی میلے میں ملکی و غیر ملکی مندوبین بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔
کراچی کے نجی ہوٹل میں آٹھویں ادبی میلے (لٹریچر فیسٹیول) کا آغاز ہوگیا۔ فیسٹول میں پاکستان اور بیرون ملک سے 200 سے زائد مصنفین شرکت کر رہے ہیں۔
فیسٹیول کے پہلے روز موسیقی کے پروگرام کے ساتھ عزت کے نام پر قتل کے موضوع پر سیشن منعقد کیا گیا۔ کلائمٹ چینج اور ایٹمی جنگ کے موضوع پر ڈاکٹر پرویز ہود بھائی اور ضیا میاں نے سیر حاصل گفتگو کی۔
آج دوسرے روز 11 کتابوں کا اجرا کیا جائے گا جبکہ کے ایل ایف پیس پرائز ونر کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ آج مقتول سماجی کارکن اور اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی بانی پروین رحمٰن پر بنائی جانے والی دستاویزی فلم بھی پیش کی جائے گی۔
معروف اداکارہ شبنم بھی فیسٹیول میں شرکت کے لیے کراچی پہنچیں۔ پہلے روز فیسٹیول میں مداح انہیں اپنے درمیان پا کر بہت خوش ہوئے اور ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ اداکارہ شبنم پر آج ایک خصوصی سیشن بھی منعقد کیا جائے گا۔
کراچی لٹریچر فیسٹول میں بچوں اور نوجوان شاعروں کے لیے خصوصی پروگرام بھی رکھے گئے ہیں اور اس دوران کل 20 نئی کتابوں کا اجرا کیا جائے گا۔ فیسٹیول 12 فروری تک پوری آب و تاب کے ساتھ جاری رہے گا۔