سندھ کے مخصوص علاقوں میں پولیو مہم آج سے شروع ہورہی ہے
کراچی سمیت سندھ کے علاقوں میں آج سے پولیو مہم شروع ہورہی ہے ، مہم میں کراچی کی 136 یونین کونسلوں اور ضلع ٹھٹہ/سجاول/ٹنڈو محمد خان اور بدین میں 4 ماہ سے 2 سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے ٹیکے لگاٰئے جائیں گے، کراچی میں 3لاکھ57ہزار سے زائد بچوں کو ٹیکے لگائے جائیں گے جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں2 لاکھ60ہزار بچوں کو ٹیکے لگائے جائیں گے۔
یہ اقدام بچوں میں پولیو کے خلاف اضافی تحفظ فراہم کرنے کے لیے لیا جا رہا ہے۔
گزشتہ برس پاکستان میں پولیو کے 20 کیسز سامنے آئے جس میں سے ضلع سجاول اور بدین کے چار بچے متاثر ہوئے۔ “ان مخصوص علاقوں میں پولیو کے ٹیکوں کی مہم چلانے کی دو اہم وجوہات ہیں، بچوں میں غذائی قلت اور علاقے میں حفاظتی ٹیکوں کی غیر تسلی بخش فراہمی” سندھ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے سربراہ فیاض جتوئی نے بتایا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے اور پولیو سے بچاؤ کے لئے ایک اضافی اقدام ہے۔
سندھ میں ایمرجینسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر، فیاض جتوئی نے آگاہ کیا کہ پولیو انجیکشن بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ کرنے کے لئے ایک خاص اقدام ہے لیکن یہ ہرگز پولیو قطروں کا متبادل نہیں ہے، والدین سے گزارش ہے کے وہ بچوں کو ٹیکے لگانے میں تعاون کریں اور ہر مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلانا نہ بھولیں۔