سندھ

تحریک انصاف کے نومنتخب سینیٹر فیصل واوڈا کی درخواست کی سماعت غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی

سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار سے متعلق تحریک انصاف کے نومنتخب سینیٹر فیصل واوڈا کی درخواست کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی۔

بدھ کو جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار سے متعلق تحریک انصاف کے نومنتخب سینیٹر فیصل واوڈا کی درخواست کی سماعت کی۔

اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہم نے الیکشن کمیشن میں بھی کہا کہ ان کے پاس کارروائی کا اختیار نہیں اور الیکشن کمیشن میں6 اپریل کو فیصلہ ہونے والا ہے۔

عدالت کاکہناتھا کہ ہم آپ سے پہلے بھی یہی کہہ رہے تھے،آپ الیکشن کمیشن میں کیس چلا کر ختم کریں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے کارروائی کیلئے کہا ہے آپ کیسے روک سکتے ہیں،ایک ہائیکورٹ دوسری ہائیکورٹ کے خلاف کیسے حکم دے سکتی ہے؟آپ فیصلے سے مطمئن نہیں تو وہیں نظر ثانی کی درخواست دائر کرتے۔

فیصل واوڈا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن ان کے خلاف فیصلہ دینے جارہا ہے، سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ الیکشن کمیشن فیصلہ نہیں کرسکتا، ہمارے تحفظات، الیکشن کمیشن کی کارروائی ہے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ آپ الیکشن کمیشن کو کہیں کہ آپ کیس نہیں سن سکتے؟ وکیل کاکہناتھا کہ الیکشن کمیشن ہمیں نہیں سن رہا اس لیے عدالت عبوری حکم ہی جاری کردے۔عدالت کا کہناتھا کہ آپ الیکشن کمیشن کے جواب پر جواب الجواب جمع کرائیں۔

دوران سماعت الیکشن کمیشن کی جانب سے جواب پیش کیا گیا جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا عدالت کو گمراہ کر رہے ہیں،انہوں نے عدالت سے حقائق چھپائے ہیں،وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں،درخواست ناقابل سماعت ہے ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close