ایم کیو ایم کاعلامتی بھوک ہڑتال کا اعلان ، دھرنا دیا تو پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم باہر نہیں نکل سکیں گے : فاروق ستار
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بیانات پر پابندی کیخلاف متحدہ نے علامتی بھوک ہڑتال کا اعلان کر دیا ۔ ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم نے دھرنا دیا تو پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم باہر نہیں نکل سکیں گے ، احساس محرومی احساس بیگانگی میں تبدیل ہو رہی ہے ، دہشت گردی،انتہاپسندی کوفروغ ملے گا۔ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی پریس کانفرنس کے دوران فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم بطورسیاسی جماعت سمجھتی ہے ہمارے ساتھ انصاف نہیں ہورہا۔
فاروق ستار نے کہا کہ تحریک انصاف نے اسلام آباد میں دھرنا دیا تھا تو چین کے صدر نہیں آ سکے تھے،ہم نے دھرنا دیا تو پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم باہر نہیں نکل سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک دہشتگردوں کے رحم و کرم پر ہے ،خورشید شاہ صرف قومی اسمبلی کا اجلاس بلا کر خانہ پوری کرتے ہیں ۔فاروق ستار کا کہنا ہے کہ کل سے کراچی پریس کلب کے باہر 4روز کے لئے علامتی بھوک ہڑتال ہو گی ،علامتی بھوک ہڑتال سے لاہور کے ججز تک آواز پہنچانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے قائد پر میڈیا میں پابندی اظہاررائے کے خلاف ہے،ایم کیوایم کو بنیادی حق سے محروم کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ روزانہ 12،12گھنٹے تک علامتی ہڑتال کی جائے گی ۔