رومی میوزک فیسٹول اگلے ماہ کراچی میں
کراچی: 3 روزہ عالمی رومی موسیقی میلے کا انعقاد کراچی میں کیا جائے گا۔ یہ میلہ مارچ کی 10، 11 اور 12 تاریخ کو منعقد ہوگا۔
کراچی کے انڈس ویلی اسکول آف آرٹس اینڈ آرکیٹیکچر کی جانب سے پیش کیے جانے والے اس میلے کا مقصد عظیم صوفی شاعر مولانا جلال الدین رومی کی شاعری اور موسیقی کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔
میلے میں دنیا بھر سے مختلف میوزک بینڈ شرکت کریں گے۔ میلے میں موسیقی کے ساتھ آرٹ اور دستکاری کی نمائش اور مختلف مباحثے بھی منعقد ہوں گے۔
مشہور صوفی شاعر اور مفکر جلال الدین رومی 1207 میں بلخ میں پیدا ہوئے تھے جو اس وقت افغانستان کا ایک چھوٹا سا قصبہ ہے لیکن رومی کے زمانے میں یہ ایک مذہبی دارالخلافہ تھا اور بدھوں اور فارسی ادب کا مرکز تھا۔
بعض مؤرخین کے مطابق بلخ نامی ایک اور علاقہ موجودہ تاجکستان میں بھی موجود تھا اور رومی وہیں پیدا ہوئے۔ منگول جنگجو چنگیز خان نے بھی 1221 میں اس پر حملہ کیا تھا۔
منگولوں کے حملے کے دوران رومی نے وہاں سے ہجرت کرلی اور بغداد، مکہ اور دمشق کا سفر کرتے ہوئے ترکی کے شہر قونیہ آگئے جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے 50 سے زائد برس گزارے۔
یہیں ان کی ملاقات شمس تبریزی سے ہوئی۔ شمس تبریزی نے رومی کے خیالات و افکار پر گہر اثر ڈالا۔
شمس تبریزی اور رومی کا ساتھ 2 برس تک رہا۔ اس کے بعد شمس تبریزی پراسرار طور پر غائب ہوگئے۔ بعض مؤرخین کے مطابق انہیں قتل کردیا گیا تاہم ان کی موت کے بارے میں حتمی معلومات دستیاب نہیں۔ ان کا مزار ایران کے شہر خوئے میں ہے جسے اقوام متحدہ کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا جا چکا ہے۔
رومی نے 3500 غزلیں، 2000 رباعیات اور رزمیہ نظمیں لکھیں۔ ان کی شاعری کا بے شمار زبانوں میں ترجمہ ہوچکا ہے۔ رومی کا مزار ترکی کے شہر قونیہ میں ہے جہاں رومی کی رباعیات پر کیا جانے والا صوفی رقص پوری دنیا میں مشہور ہے۔
ہالی وڈ کی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ’گلیڈی ایٹر‘ کے مصنف ڈیوڈ فرنزونیرومی کی زندگی اور شاعری پر فلمبنانے جارہے ہیں۔
اس حوالے سے ڈیوڈ کا کہنا ہے کہ وہ جو فلم بنانے جا رہے ہیں وہ مغربی سنیما میں مسلمانوں کے بارے میں غلط تصورات کو ختم کردے گی۔ ’رومی ایک ایسا شاعر ہے جو لوگوں کی زندگیوں اور معاشروں پر اثرانداز ہوا۔ ایسے عظیم افراد کی شخصیت کو زیادہ سے زیادہ کھوجنے کی ضرورت ہے‘۔
فلم میں رومی کا کردار آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو ادا کریں گے جبکہ شمس تبریزی کا کردار رابرٹ ڈاؤننگ جونیئر ادا کریں گے۔ فلم کی کاسٹ کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔