سپر ہائی وے پر کارروائی کے دوران خودکش بمبار سمیت 9 دہشتگرد ہلاک، پولیس
کراچی: ایس ایس پی ملیر راؤ انور نے کراچی میں سپر ہائی وے پر مقابلے میں خودکش بمبار سمیت 9 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس نے کراچی میں سپرہائی وے کے قریب افغان بستی پر چھاپہ مار کر 4 دہشت گردوں کو حراست میں لیا، دوران تفتیش گرفتار دہشت گردوں نے بتایا کہ اس کے مزید ساتھی افغان بستی میں ہوٹل کے عقب میں موجود ہیں جس پر ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ چھاپہ مارا تو علاقے میں چھپے دہشت گردوں کی جانب سے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔
ایس ایس پی راؤ انوار کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ کے بعد علاقے میں پولیس کی مزید نفری طلب کی گئی اور علاقے کی مکمل ناکہ بندی کرکے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا جس میں 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ایس ایس پی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم جماعت الاحرار سے ہے جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل ہے جس کی شناخت رضی محمد کے نام سے ہوئی۔ راؤ انوار کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کراچی میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے جن میں رینجرز ہیڈ کوارٹر ان کا اہم ہدف تھا۔
واضح رہے کہ کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران رینجرز اور پولیس کی کارروائیوں میں اب تک 27 دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں۔