حلقے این اے 249 میں ضمنی انتخاب سے متعلق اہم اعلان
کراچی: الیکشن کمیشن نے کراچی کے حلقے این اے 249 میں ضمنی انتخاب سے متعلق اہم اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم ،پی پی اور پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواستوں پر فیصلہ سنادیا ہے، الیکشن کمیشن نے این اے 249 کا ضمنی انتخاب مقررہ وقت پر کرانے کا اعلان کیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر سید ندیم حیدر نے کہا کہ این اے 249 کا ضمنی انتخاب انتیس اپریل کو منعقد کیا جائے گا ، آئندہ دو روز میں بیلٹ پیپرز الیکشن کمیشن کو فراہم کردیئے جائیں گے، الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹ پلان کو بھی حتمی شکل دیدی ہے۔
اس کے علاوہ ضابطہ اخلاق سے متعلق امیدواروں کو ایک بار پھر ہدایت جاری کر دی گئی ہے، ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ انتخابی مہم کا وقت27 اور 28 اپریل کی درمیانی شب ختم ہوگا، پولنگ سےاڑتالیس گھنٹے پہلے جماعتیں انتخابی سرگرمیاں بند کرنےکی پابند ہیں، ان اصولوں کی خلاف ورزی کی گئی تو وہ سزا کےمرتکب ہونگے، خلاف ورزی کرنے والے کو دو سال قید اور جرمانہ بھی ہوسکتا ہے۔
الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدوارں کو واضح ہدایت کی کہ اصولوں کی پاسداری کریں تاکہ انتیس اپریل کو ضمنی انتخاب پرامن ہو۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے این اے249 ضمنی انتخاب کے دوران فوج تعینات کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور پولنگ کا دن بھی تبدیل کرنے کی استدعا کی تھی۔
متحدہ پاکستان نے بھی این اے 249 پر ہونے والے ضمنی الیکشن کو ملتوی کرنے کی درخواست دی تھی، متحدہ پاکستان کا موقف تھا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں کرونا تیسری لہر میں مثبت کیسز کی شرح 12فیصد تک ہے جبکہ حلقے میں این سی او سی کی کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی بھی سامنےآرہی ہے، ایسی صورت حال میں این اے 249 پر ضمنی الیکشن کرونا صورتحال کی بہتر تک ملتوی کئے جائیں۔