میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی غیر ملکی ماہی گیروں کے خلاف کارروائی،28 ماہی گیرگرفتار
کراچی: پاکستانی سمندری حدود کی حفاظت پر مامور میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے کھلے سمندر میں کارروائی کرتے ہوئے متعدد غیر ملکی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا ہے۔
میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کھلے سمندر میں غیر ملکی ماہی گیروں کے خلاف کارروائی کی گئی، کارروائی کے دوران پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے پر اٹھائیس ماہی گیروں کو گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے زیر استعمال پانچ کشتیوں کو بھی اپنی تحویل میں لیا گیا۔
میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق غیر ملکی ماہی گیر پاکستانی سمندری حدود انڈس ڈیلٹا میں شکار کررہےتھے، گرفتار ماہی گیروں کو ڈاکس پولیس کےحوالےکردیا گیا ہے۔
میری ٹائم ایجنسی کے رواں ماہ میں یہ دوسری بڑی کارروائی ہے، اس سے قبل سات اپریل پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے کھلے سمندر میں روٹین پیٹرولنگ کرتے ہوئے ال سمیر نامی مشکوک کشتی کو 9 اسمگلروں سمیت تحویل میں لیا تھا۔
تر جمان کے مطابق ال سمیر نامی کشتی سے 25 ہزارلیٹر ایرانی ڈیزل برآمد ہوا، جوکہ غیرقانونی طریقے سے پاکستان لایا جارہا تھا، کشتی اورغیر قانونی ڈیزل کسٹم ایکٹ 1969کے قانون کے مطابق تحویل میں لے لیا گیا تھا۔
و اضح رہے کہ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی واحد بحری قانون نافذ کرنے والی ایجنسی ہے، جسے ایکٹ کے تحت ذمہ داری دی گئی ہے کہ سمندر میں اسمگلروں کا تعاقب کرنے کے بعد ان کو کیفر کردار تک پہنچائے، محدودوسائل کے باوجود ایم ایس اے اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دے رہی ہے۔