کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکار سائیکل پر بھی گشت کرتے دکھائی دیں گے
کراچی: کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کے لیے موبائل ٹوائلٹ فراہم کردیا گیا ہے جب کہ اب صدر میں ٹریفک پولیس اہلکار سائیکل پر بھی گشت کرتے دکھائی دیں گے۔
جیو نیوز کے مطابق کراچی میں ڈیوٹی کے دوران ٹریفک پولیس اہلکاروں کے اہم مسئلے کے حل کیلئے ڈی آئی جی ٹریفک اقبال دارا کی ہدایت پر موبائل ٹوائلٹ فراہم کردیا گیا ہے۔
جب کہ شہر کے صدر جیسے مصروف علاقوں میں ٹریفک جام کھلوانے کیلئے سائیکل سکواڈ متعارف کرایا گیا ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک کراچی اقبال دارا نے میٹروپول ٹریفک چوکی پر دونوں سہولیات کا معائنہ اور افتتاح کیا۔
کراچی میں ڈیوٹی کے دوران ٹریفک پولیس اہلکاروں کیلئے خصوصی موبائل ٹوائلٹ تیار،
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی اقبال دارا آج موبائل ٹوائلٹ کا افتتاح کیا۔
صدر میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لیے ٹریفک پولیس کا سائیکل اسکواڈ تیار pic.twitter.com/EBKl31Gcan
— RegionalTelegraph (@RegnlTelegraph) April 30, 2021
ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر کئی کئی گھنٹے تک کھڑے ہوکر ڈیوٹی کے دوران ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ٹوائلٹ جانے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا جس کیلئے تجرباتی طور پر ایک موبائل ٹوائلٹ تیار کیا گیا ہے جس میں واش بیسن اور ٹوائلٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ موبائل ٹوائلٹ شہر میں گشت کرے گا، اسے ایسی جگہوں پر کچھ دیر تک روکا جائے گا جہاں ٹریفک پولیس اہلکاروں کیلئے آس پاس ٹوائلٹ کی سہولت موجود نہیں جب کہ پولیس افسران فون کال کرکے بھی موبائل ٹوائلٹ طلب کر سکیں گے، شہر میں ہنگامی صورتحال کے دوران متعلقہ علاقے میں موبائل ٹوائلٹ رکھا جائے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ صدر جیسے مصروف ترین علاقے میں ٹریفک جام کھلوانے کیلئے پولیس کی گاڑی یا ہیوی موٹر بائیک پر افسران کا پہنچنا مشکل ہوتا ہے جس کیلئے ابتدائی طور پر ایک سائیکل اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔
جس کے پہلے مرحلے میں 5 سائیکل سواروں کی صدر کے علاقے میں ڈیوٹی لگائی گئی ہے، مخصوص یونیفارم پہنے سائیکل اسکواڈ کے اہلکار گشت بھی کریں گے اور جس علاقے میں ٹریفک جام کی شکایت ملے گی وہاں سائیکل پر پہنچ کر فوری طور پر ٹریفک بحال کریں گے۔