سندھ
نواز شریف نے سندھ حکومت کیخلاف بڑا اعلان کردیا، پیپلز پارٹی کی حکومت کیلئے بڑا خطرہ پیدا ہوگیا
ٹھٹھہ: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ کوئی اور سندھ کے مسائل حل نہیں کرے گا تو ہم کریں گے اور صوبے کی تعمیر نو کریں گے، سندھ کے مسائل حل کرکے ہی دم لوں گا۔ ٹھٹھہ کے مکلی گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ٹھٹہ آکر بہت خوشی ہورہی ہے، عوام کے چہروں پر آج خوشی کی لہر دیکھ رہا ہوں، عوام نے محبت دی ہے، میں یہ محبت اور دوستی کا رشتہ نبھاؤں گا، جب کہ سجاول اور ٹھٹہ کے مسائل حل کرنا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے مسائل حل کرکے دم لوں گا، سندھ کا احساس محرومی دور کریں گے، کوئی اور سندھ کے مسائل حل نہیں کرے گا تو ہم کریں گے اور صوبے کی تعمیر نو کریں گے، اگر صوبائی حکومت نے مسائل حل نہیں کئے تو وفاق حاضر ہے، سندھ کے دیہاتوں کو پنجاب کے شہروں سے بہتر بنائیں گے، سندھ کے شہری علاقوں اور کراچی کو بھی خوبصورت بنائیں گے، یہ کام مشکل ہے لیکن آپ اور میں جب ساتھ ہوں گے تو مل کر تعمیر کریں گے۔
وزیراعظم نے ٹھٹہ اور سجاول کے لئے ہیلتھ اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو علاج کے لئے اپنے گھر تک فروخت کرنا پڑتے ہیں، لہذا یہ صحت کارڈ غریبوں کے لئے ہیں جس کے تحت سرکاری اور نجی اسپتالوں میں تمام لوگوں کو علاج کی سہولیات بھی ملیں گی۔ انہوں نے ٹھٹہ اور سجاول میں گیس منصوبے کے لئے 110 کروڑ روپے جب کہ صاف پانی کی فراہمی کے لئے 20 ، 20 کروڑ روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس پر یہاں کے عوام کا حق اور یہ منصوبے آپ پر قربان ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ سمندر کے کٹاؤ کا مسئلہ فوری حل ہونا چاہیئے کیونکہ سمندر کے کٹاؤ کے باعث زرعی زمین ضائع ہوگئی ہے، لہذا زمینوں کو بچانے کے لئے سجاول اور ٹھٹہ میں بچاو بند بھی جلد تعمیر کیا جائے گا۔