لیاری آپریشن سے متعلق مقدمات کی سماعت،9 اہم گواہوں نے عزیر بلوچ کو شناخت کرلیا
کراچی : انسداد دہشت گردی عدالت میں لیاری آپریشن سے متعلق مقدمات کی سماعت میں 9 اہم گواہوں نے عزیر بلوچ کو شناخت کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں لیاری آپریشن کے دوران پولیس پر حملہ، دھماکاخیزمواد ، اسلحے سے متعلق عزیربلوچ کے خلاف مختلف تھانوں میں 9 مقدمات کی سماعت کی گئی۔
ملزم عزیربلوچ اور گواہ 9 پولیس اہلکار عدالت میں پیش ہوئے ، دوران سماعت لیاری گینگ وارکے سرغنہ عزیربلوچ کے9مقدمات میں اہم پیش رفت سامنے آئی اور مقدمات کے9 اہم گواہوں نےعزیر بلوچ کوشناخت کرلیا۔
گواہان نے بیان میں کہا ملزم نےلیاری آپریشن کے دوران پولیس پرحملے کیے، عدالت نے بیان قلمبندکرنے کے بعد حکم دیا کہ :آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو پیش کیاجائے۔
بعد ازاں کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مقدمات کی سماعت 9جون تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ عزیر بلوچ ناقص تفتیش کے باعث اب تک گیارہ مقدمات میں بری ہوچکے ہیں ، لیاری گینگ وار کے سرغنہ پر مجموعی طور پر 61 مقدمات درج ہیں، جن میں قتل کے مقدمات بھی شامل ہیں۔