سندھ
شادی ہالز کی بندش اور آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی مزید 2 ہفتے کے لیے بڑھا دی
کراچی: آل پاکستان کیٹررز ڈیکوریٹرز اینڈ ایونٹ آرگنائزرز ایسوسی ایشن نے شادی ہالز کی بندش اور آوٹ ڈور تقریبات پر پابندی کے حوالے سے ملک گیر احتجاج کی دھمکی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق صدر آل پاکستان کیٹررز ڈیکوریٹرز اینڈ ایونٹ آرگنائزرز ایسوسی ایشن راؤ محمد وقاص کا کہنا ہے کہ ہم حکومت سندھ کی جانب سے آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی مزید 2 ہفتے کے لیے بڑھانے پر شدید احتجاج کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام نے ہم سے تمام پابندیاں اٹھانے کا وعدہ کیا تھا۔
راؤ محمد وقاص کا کہنا تھا کہ آؤٹ ڈور ڈائننگ، بیوٹی سیلون، تفریحی مقامات، ٹرانسپورٹ، بازار سمیت دیگر شعبہ جات کھول دیئے گئے ہیں، شادی ہال کی بندش سراسر مزدور دشمن فیصلہ ہے۔
آل پاکستان کیٹررز ڈیکوریٹرز اینڈ ایونٹ آرگنائزرز ایسوسی ایشن کے صدر نے دھمکی دی کہ فوری طور پر آؤٹ ڈور تقریبات اور شادی ہال کھولنے کا اعلان نہ کیا گیا تو ہم احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ کیٹرنگ انڈسٹری سے متعلق مثبت فیصلے کا اعلان کیا جائے۔