ایدھی فاؤنڈیشن کا ایئرایمبولینس سروس بحال کرنے کا اعلان
کراچی: معروف سماجی رہنما مرحوم عبدالستار ایدھی کے بیٹے اور ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی اپنے والد ہی کی طرح دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں اور اب انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ 3 سال سے بند ایئرایمبولینس سروس دوبارہ شروع کریں گے جب کہ ہنگامی حالات میں زخمیوں کی امداد کے لیے ایئر ایمبولینس وہ خود اڑائیں گے۔
ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے ایدھی فاؤنڈیشن کے موجودہ سربراہ فیصل ایدھی نے بتایا کہ وہ ایک تربیت یافتہ پائلٹ ہیں اور انہوں نے 2001 میں برطانیہ کے ایک فلائنگ اسکول سے جہاز اڑانے کی تربیت حاصل کررکھی ہے تاہم ان کے پاس ہوابازی کا لائسنس نہیں کیوں کہ اس وقت ان کے والد یعنی عبدالستار ایدھی کو اقوام متحدہ کے ایک پروگرام میں شرکت کے لیے بیرون ملک جانا تھا اور وہ چاہتے تھے کہ میں پاکستان واپس آکران کی جگہ سنبھالوں جب کہ بعد ازاں مصروفیات کے باعث انہیں وقت ہی نہیں ملا اور ہ وہ جہاز اڑانے کے لیے باقاعدہ لائسنس نہیں حاصل کرسکے۔
سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق ایدھی ایئرایمبولینس کے چیف پائلٹ کیپٹن امتیاز کی وفات کے باعث ایئرایمبولینس سروس گزشتہ 3 سالوں سے بند تھی جسے اب فوری طورپربحال کیا جارہا ہے اورآئندہ 3 روزمیں ایک آزمائشی پرواز کی جائے گی جس کے بعد جلد ہی یہ سروس دوبارہ شروع کردی جائے گی۔فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ ایئرایمبولینس کے ذریعے زلزلے اورسیلاب کی صورت میں حادثات کے شکار افراد تک جلد ازجلد امداد پہنچنے میں مدد ملے گی اور اس طرح قیمتی جانوں کے ضیاع کو کم کیا جاسکے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آفات کی صورت میں ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے ایئر ایمبولینس کی سروس بلا معاوضہ فراہم کی جائے گی۔
فیصل ایدھی کا کہنا ہے ان کا یہ خواب رہا ہے کہ وہ آفت زدہ علاقوں میں ہوائی جہاز کے ذریعے پہنچ کر زخمیوں اور متاثرہ افراد کی جلد ازجلد امداد کو یقینی بنائیں تاہم بدقسمتی سے یہ خواب پورا نہ ہوسکا لیکن اب انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ جلد ہی پاکستان یا بیرون ملک سے 2 ماہ کا فلائنگ کورس کریں گے تاکہ وہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال میں خود ایئرایمبولینس کے ذریعے آفت زدہ علاقوں میں متاثرہ افراد کی مدد کو پہنچ سکیں۔
واضح رہے کہ عالمی شہرت یافتہ سماجی رہنما عبدالستار ایدھی گزشتہ سال کراچی کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔ عبدالستار ایدھی نے 1951 میں کراچی میں ایک ڈسپینسری سے سماجی خدمت کا آغاز کیا تھا اور اب چاروں صوبوں میں ان کی ایمبولینس سروس، لاوارث بچوں اور بزرگ افراد کے لیے مراکز اور منشیات کے عادی لوگوں کی بحالی کے مراکز قائم ہیں جب کہ ایدھی فاؤنڈیشن کو دنیا کی سب سے بڑی نجی ایمبولینس سروس رکھنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔