ہر طرف لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے، ایم کیو ایم کا پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کیخلاف وائٹ پیپر جاری
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کیخلاف وائٹ پیپر جاری کر دیا، ڈاکٹر فاروق ستار کہتے ہیں کہ پی پی پی نے سندھ کے عوام کا استحصال کیا، صوبے میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے، شہری سندھ کیخلاف تعصب ختم ہونا چاہئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران ایم کیو ایم پاکستان نے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کر دیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ وائٹ پیپر پی پی حکومت کے سیاہ کارناموں سے متعلق ہے، سندھ میں گزشتہ 9 سال سے لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے، پیپلز پارٹی نے اپنی املاک اور بینک بلینس میں اضافہ کیا، شہری سندھ کے عوام کا استحصال کیا گیا، پی پی پی نے ناانصافیوں کا نیا ریکارڈ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے شہری علاقوں کا استحصال کیا، 70ء کی دہائی میں پیپلز پارٹی نے کوٹا سسٹم عائد کرکے سندھ کو دو حصوں میں تقسیم کیا، جبکہ گزشتہ 9 سال میں سندھ کے شہری علاقوں میں احساس محرومی آسمان تک پہنچ گیا ہے اور شہری سندھ کے خلاف نفرت اور تعصب کا اظہار کیا جاتا ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ سندھ میں جو ہو رہا ہے، یہ سب وڈیرے کر رہے ہیں، اس میں عام سندھی کا کوئی قصور نہیں، پی پی پی دیہی سندھ کے عوام کی معصومیت کا فائدہ اٹھاتی ہے، ضلعوں اور شہروں میں وسائل کا غیر منصفانہ تقسیم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 9 سال کے دوران وفاق نے سندھ کو آکٹرائے کی مد میں 30 ارب دیئے، جس میں سے بلدیہ کراچی کو کچھ بھی نہیں دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں سے اضلاع میں فنڈ کی تقسیم غیر منصفانہ طور پر کی گئی، جبکہ حیدرآباد کے ساتھ بھی بہت نا انصافی ہوئی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے مزید کہا کہ کراچی کو 9 برس میں 30 ارب کا براہ راست نقصان پہنچایا گیا، وفاقی وسائل سے کراچی کو 4 فیصد بھی حصہ نہیں ملا، ٹیکسوں کا سارا بوجھ کراچی، حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ پر ہے، مرکز کو کراچی 65 فیصد اور صوبے کو 85 فیصد ٹیکس دیتا ہے، وڈیروں، جاگیرداروں کی آمدنی سے کوئی ٹیکس نہیں لیا جاتا، 70 ارب روپے کے نئے ٹیکس میں کراچی کو ایک ٹکہ نہیں دیا، جبکہ شہری علاقوں میں پانی کے مسائل نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے۔